پی ٹی آئی لانگ مارچ: پشاور، اسلام آباد موٹروے کل رات 11 بجے سے بند کرنے کا اعلان

منگل 22 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر پشاور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے ایم ون کو کل رات 11 بجے سے تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق23 ستمبر 2026 کو رات 11 بجے سے ایم ون موٹروے بند رہے گی، جس کے باعث جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع سے پشاور موٹروے پر سفر کرنے والے شہریوں کو سفر سے گریز کرنے اور غیر ضروری سفر مؤخر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: 27 ستمبر کے پی ٹی آئی احتجاج کے لیے حکمت عملی طے، وزراء اور اراکینِ اسمبلی کو روپوش ہونے کی ہدایت

ترجمان نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک ایڈوائزری کو مدنظر رکھیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

دوسری جانب لاہور اور اسلام آباد کے درمیان ایم ٹو موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔

پی ٹی آئی کو اسلام آباد نہیں آنے دیں گے، حکومت کا اعلان

پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کے حق میں 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔

پارٹی قیادت نے احتجاجی مارچ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلوں کے حوالے سے مختلف حکمت عملی زیر غور ہے۔

دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کے مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ حکومت مارچ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیاسی جماعتوں کو سڑکوں، شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر قبضہ کرنے یا شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے کا قانونی حق نہ ہونے سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔

مزید پڑھیں: 27 ستمبر مارچ سے قبل پی ٹی آئی اندرونی اختلافات کا شکار، ہزاروں افراد نکالنا بھی مشکل، اندرونی کہانی سامنے آگئی

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کشیدگی کے باعث موٹروے کی بندش کا فیصلہ سامنے آیا ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جاری کردہ ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp