ایران کے خلاف جنگ کے دوران طویل تعیناتی کا سامنا کرنے والے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن کے کیریئر اسٹرائیک گروپ کے 8 اہلکاروں نے خودکشی کی کوشش کی۔
امریکی قائم مقام وزیر بحریہ ہنگ کاؤ نے سینیٹر کرسٹن گلی برانڈ کے سوالات کے جواب میں لکھے گئے خط میں بتایا کہ یو ایس ایس ابراہام لنکن کی تعیناتی کے آغاز سے اب تک اسٹرائیک گروپ میں خودکشی کی 8 کوششیں ہوئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ اعداد و شمار پہلی مرتبہ سامنے آئے ہیں۔
Navy reports 8 suicide attempts on carrier group that faced monthslong deployment amid Iran war https://t.co/5LgMQJn1kd
— CBS News (@CBSNews) September 24, 2026
خط کے مطابق یہ 8 واقعات صرف یو ایس ایس ابراہام لنکن کے عملے تک محدود نہیں بلکہ کیریئر کے ایئر ونگ، اسٹرائیک گروپ اور ڈسٹرائر اسکواڈرن کے عملے، حفاظتی بحری جہازوں اور دیگر فضائی اسکواڈرن کے اہلکاروں سے متعلق ہیں۔ تاہم تعیناتی کے دوران خودکشی سے کسی اہلکار کی موت نہیں ہوئی۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق ایک امریکی دفاعی عہدیدار نے بتایا کہ خودکشی کی 8 کوششوں میں سے 2 اس وقت ہوئیں جب اسٹرائیک گروپ ایران کے خلاف براہِ راست جنگی کارروائیوں میں مصروف تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیموکریٹس کا یو ایس ایس ابراہم لنکن کی صورتحال پر ٹرمپ انتظامیہ سے جواب طلب
یو ایس ایس ابراہام لنکن کی تعیناتی گزشتہ سال نومبر میں شروع ہوئی تھی اور اس دوران جہاز طویل عرصے تک سمندر میں رہا۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس گروپ نے 286 دن کی تعیناتی مکمل کی، جبکہ جہاز نے 250 سے زیادہ دن مسلسل سمندر میں گزارے۔ طویل تعیناتی کے دوران اہلکاروں کی ذہنی صحت اور کام کے حالات پر بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔













