نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام اور معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت پر کرسٹالینا جارجیوا کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif meets Managing Director International Monetary Fund (IMF) Ms. Kristalina Georgieva in New York. pic.twitter.com/uhGHj4IcpR
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 23, 2026
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے کی مضبوط ملکیت رکھتی ہے اور اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازع اور بیرونی سطح پر مہنگائی کے دباؤ کے باوجود پاکستان معاشی استحکام سے معاشی بحالی کی جانب مسلسل بڑھ رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری، بیرونی مالیاتی ذخائر میں مضبوطی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے سمیت معیشت میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی کونسل کے صدر سے ملاقات، تجارت سمیت اہم امور پر گفتگو
ملاقات میں پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے اور معاشی لچک مضبوط بنانے کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان مسلسل تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے اور معاشی بحالی کے عمل کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔














