اسلام آباد ہائیکورٹ نے لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں ملک عامر، شعیب شاہین اور دیگر کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پولیس حکام کی یقین دہانی پر نمٹا دی۔
جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ملک عامر اور دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا اور ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت پولیس حکام نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں نہیں کیا گیا اور نہ آئندہ ہراساں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی ایک اور 9 مئی کرنا چاہتی ہے، اس بار اسلام آباد داخل نہیں ہونے دیا جائےگا، فیصل کریم کنڈی
پولیس حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر کسی شخص کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔
عدالت نے پولیس حکام کی یقین دہانی کے بعد ملک عامر اور دیگر کی درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔














