سرفراز نواز کی نئی کتاب: عمران خان سے دوستی، کرکٹ میں جوئے اور فکسنگ کے انکشافات

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے اپنی نئی کتاب میں عمران خان سے دیرینہ دوستی، ڈریسنگ روم کی سیاست اور پاکستانی کرکٹ میں جوئے اور مبینہ میچ فکسنگ سے متعلق واقعات پر تفصیل سے بات کی ہے۔ سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانے پر انہیں قتل کی دھمکیاں بھی ملیں۔

بی بی سی اردو کے مطابق سرفراز نواز کی آپ بیتی کی رونمائی 25 ستمبر کو لارڈز میں ہوگی۔ سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ تقریباً 100 صفحات پر مشتمل کتاب میں انہوں نے کرکٹ کے اندرونی معاملات اور مختلف تنازعات کا ذکر کیا ہے۔

سرفراز نواز نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی کتاب میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح بعض کھلاڑی ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچتے رہے، کپتانوں کو ہٹانے کی کوششیں ہوئیں اور وقت کے ساتھ پاکستانی کرکٹ میں جوئے کا عنصر داخل ہوا۔

انہوں نے جسٹس فقیر محمد یوسف کی سربراہی میں تیار ہونے والی رپورٹ، جسٹس ملک محمد قیوم کمیشن اور سابق کرکٹرز کے خلاف سامنے آنے والے الزامات کا بھی حوالہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں:سرفراز نواز کی سوانح عمری، میچ فکسنگ سمیت بڑے انکشافات کا اعلان

سرفراز نواز نے دعویٰ کیا کہ سٹے بازی کے خلاف بولنے پر انہیں دھمکیاں دی گئیں کہ اگر انہوں نے بات جاری رکھی تو انہیں قتل کردیا جائے گا۔ ان کے مطابق انہوں نے 2010 اور 2017 میں اس معاملے پر ایف آئی آرز بھی درج کرائیں۔

سرفراز نواز نے عمران خان کے ساتھ اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1974 میں عمران خان کی کرکٹ میں واپسی کے بعد دونوں 1984 تک ساتھ کھیلتے رہے اور ان کی جوڑی نے پاکستان کی فاسٹ بولنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

ان کے مطابق عمران خان ایک ذہین کھلاڑی تھے اور گراؤنڈ میں ان پر بہت بھروسہ کرتے تھے۔ سرفراز نواز نے دونوں کی دوستی کو انتہائی قریبی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان ’سوئی برابر فاصلہ بھی نہیں تھا‘۔

سرفراز نواز نے شارجہ میں مبینہ سٹے بازی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے 2001 میں اس معاملے کی تحقیقات کی تھیں۔ ان کے بقول ان کی کتاب میں اس انکوائری اور اس کے نتائج کی تفصیل بھی شامل ہے۔

انہوں نے 2011 کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا حوالہ دیتے ہوئے سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کا بھی ذکر کیا، جنہیں اس معاملے میں قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

سرفراز نواز نے پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ میچوں میں 177 اور 45 ون ڈے میچوں میں 63 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 1984 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں بھی حصہ لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp