27 ستمبر سے 4 اکتوبر تک: کیا پی ٹی آئی کا لانگ مارچ واقعی اسلام آباد پہنچ سکے گا؟

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا احتجاج 4 اکتوبر تک مؤخر کیے جانے کے بعد ایک اہم سوال پیدا ہوگیا ہے: کیا تحریک انصاف 4 اکتوبر کو واقعی اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کر سکے گی؟

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سومنات نہیں، پی ٹی آئی کی یہ آخری کوشش ہوگی، اس کے بعد رخ نہیں کرسکیں گے، خواجہ آصف

تحریک انصاف کے درجن سے زائد ارکانِ صوبائی اسمبلی نے دعویٰ کیا ہے کہ 27 ستمبر کا احتجاج پارٹی کی مجموعی قیادت کا فیصلہ نہیں بلکہ سہیل آفریدی کی کچن کیبنٹ کا فیصلہ تھا۔

ان اراکین کے مطابق وفاق کی جانب سے سخت اقدامات اور پنجاب میں احتجاج کے لیے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد صورتحال تبدیل ہوئی۔ دوسری جانب سہیل آفریدی نے احتجاج مؤخر نہ کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی تاہم پارٹی کے اندر اس معاملے پر انہیں مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق اسد قیصر اور عاطف خان سمیت بعض اہم رہنماؤں کی جانب سے واضح تحفظات سامنے آنے کے بعد سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی کے فیصلے کو بنیاد بناتے ہوئے 27 ستمبر کا احتجاج 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیے: پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد میں راستوں کی صورتحال کیا ہے؟

پی ٹی آئی کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ 2 روز قبل ہی کر لیا گیا تھا تاہم سہیل آفریدی خود اس کا اعلان نہیں کرنا چاہتے تھے جس کے باعث معاملہ پولیٹیکل کمیٹی کے ذریعے سامنے لایا گیا۔

ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ 4 اکتوبر کو بھی لانگ مارچ نہ ہونے کا امکان موجود ہے اور مزید ایک تاریخ دی جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیے: پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مؤخر: 5 اکتوبر کو یوم فتح منائیں گے، سہیل آفریدی

سہیل آفریدی اور ان کے قریبی ساتھی جن کی مشاورت سے احتجاج کی مہم آگے بڑھائی گئی اب ایک مشکل سیاسی صورتحال سے دوچار ہیں نہ وہ فوری طور پر آگے بڑھنے کی پوزیشن میں دکھائی دیتے ہیں اور نہ ہی مزید پیچھے ہٹنے کی گنجائش آسان ہے۔ ایسے میں وقت حاصل کرنا ہی فی الحال ان کے پاس واحد راستہ دکھائی دیتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp