اسلام آباد سومنات نہیں، پی ٹی آئی کی یہ آخری کوشش ہوگی، اس کے بعد رخ نہیں کرسکیں گے، خواجہ آصف

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دینا ان کے عزائم پر سوال اٹھاتا ہے، تاہم اسلام آباد ایک بڑی اسلامی اور ایٹمی ریاست کا دارالحکومت ہے اور وفاق اس نوعیت کی صورتحال کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔

پاکستانی صحافی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے ممکنہ اسلام آباد مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دے رہے ہیں تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان کے عزائم کیا ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اسلام آباد ایک بڑی اسلامی اور ایٹمی ریاست کا دارالحکومت ہے، اس لیے ان کے بقول پی ٹی آئی کی جانب سے یہ آخری کوشش ہوگی اور اس کے بعد وہ اس طرف رخ نہیں کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا ریاست مخالف بیانیہ: اسلام آباد کو سومنات بنانے کے بعد گیس و بجلی بندش کی دھمکی

خواجہ آصف نے کہا کہ آنے والا مرحلہ فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔

جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا انہیں لگتا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ اسلام آباد آئیں گے تو وزیر دفاع نے جواب دیا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ وہ نہ آئیں، اور ان کا نہ آنا بھی ایک فیصلہ کن بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق یا پاکستان اس قسم کی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

خواجہ آصف کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کی جانب سے 27 ستمبر کے احتجاج کے دوران اسلام آباد کو ’سومنات‘ بنانے کے بیان پر حکومتی حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آرہا ہے۔ خواجہ آصف اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ اسلام آباد سومنات نہیں بلکہ پاکستان کا دارالحکومت، اسلام کا قلعہ اور وفاق کی علامت ہے۔

وزیر دفاع ان دنوں وزیراعظم شہباز شریف کے وفد کے ہمراہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp