معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شعبان، زیارت، نوشکی اور مند سمیت مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاستی عزم کی عکاس ہیں۔
اپنے ایک بیان میں بابر یوسفزئی نے کہاکہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں 71 سے زیادہ دہشتگردوں کا خاتمہ ایک اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شعبان میں متعدد دہشتگرد ٹھکانے کلیئر کیے گئے جبکہ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بلوچستان کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے امن کے دشمنوں کے خلاف جاری کارروائیاں قابلِ فخر ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں سے دہشت گرد عناصر کے متعدد ٹھکانے کلیئر کیے گئے ہیں اور دہشت گرد نیٹ ورکس کو نقصان پہنچا ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ہمارے جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے امن کے دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ریاست دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔ دہشتگرد عناصر کو عوام کے امن و سکون کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
معاون برائے داخلہ نے کہاکہ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز کی مؤثر انٹیلی جنس اور کامیاب کارروائیوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکومت بلوچستان اور بلوچستان کے عوام سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد ہے اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بابر یوسفزئی نے کہاکہ عوام کے تعاون اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کی کوششیں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور عوام کے درمیان اعتماد، تعاون اور اتحاد دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے والے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہاکہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔














