ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے بارے میں اسلام آباد پولیس کو نئی ہدایت جاری

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ٹریفک قوانین کی معمولی خلاف ورزیوں پر شہریوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں اور بلاوجہ پرچوں کے اندراج کو روکنے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 279 ت پ کے تحت غیر ضروری مقدمات درج نہ کیے جائیں۔

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں شہریوں کو قانون کے مطابق چالان یا جرمانہ کیا جائے، تاہم افسران شہریوں کے خلاف غیر ضروری مقدمات قائم کرنے سے مکمل گریز کریں۔

انہوں نے ٹریفک افسران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے۔

علی وسیم نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور خلاف ورزیوں سے اجتناب کریں، کیونکہ قوانین پر عملدرآمد ہی محفوظ اور پُرامن سفری ماحول کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp