سپریم کورٹ: مدرسہ کے طالب علم سے بدفعلی کے ملزم زین علی کی درخواستِ ضمانت مسترد

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آف پاکستان نے مدرسہ کے طالب علم سے بدفعلی کے کیس میں نامزد ملزم زین علی کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی ہے۔

کیس کی سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بینچ نے کی، جس میں جسٹس نعیم اختر افغان بھی شامل تھے۔

سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مدعی کی جانب سے غلط مقدمہ قائم کیا گیا ہے اور جہاں یہ واقعہ پیش آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، وہ ایک چھوٹا سا مدرسہ ہے جہاں ایسا عمل ممکن نہیں۔ اس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ’ایسا عمل مدرسہ میں کرنا تو اور بھی زیادہ سنگین جرم ہے۔ ‘

دورانِ سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف چالان جمع ہو چکا ہے اور اس پر باضابطہ فردِ جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔ اس پر بینچ کے سربراہ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ملزم کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ملزم بے قصور ہے تو اپنے آپ کو ٹرائل کورٹ میں بے گناہ ثابت کرے۔‘

بعد ازاں عدالتِ عظمیٰ نے تمام دلائل سننے کے بعد ملزم زین علی کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ واضح رہے کہ ملزم کے خلاف متعلقہ واقعے کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا میں درج ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp