امریکا کی جانب سے ایران کی جنگ بندی کی شرائط مسترد کیے جانے کے بعد آبنائے ہرمز کی جلد بحالی کے امکانات کم ہونے پر ہفتے کے آغاز میں عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
میٹس گلوبل کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 2.48 فیصد اضافے کے ساتھ 106.91 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران کشیدگی، عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوگیا
اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.62 ڈالر یا 1.75 فیصد بڑھ کر 94.03 ڈالر فی بیرل ہوگئی، یہ قیمت پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 52 منٹ پر ریکارڈ کی گئی۔
خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ ہفتے کے اختتام پر سامنے آنے والی پیش رفت کے بعد شروع ہوا۔
U.S.-Iran Tensions Push Oil Prices Higher Amid Energy Supply Concerns | Asia One News#Asiaone #AsiaOneNews #EnglishNews #OilPrices #USIran #Iran #UnitedStates #EnergyMarkets #CrudeOil #OilMarket pic.twitter.com/icDAfo3tpy
— ASIA ONE NEWS (@AsiaOne_News) September 28, 2026
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔
امریکی صدر نے بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو میں بھی تصدیق کی کہ انہوں نے ایران کی تجویز مسترد کردی ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا ایران کشیدگی، عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوگیا
ایران کی جانب سے جنگ بندی کی تجویز جمعے کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پیش کی تھی۔
عباس عراقچی کے مطابق تہران آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے اور ایک ہفتے کے اندر امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے ایران کی بعض شرائط کو پہلے تسلیم کرنا ہوگا۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کا آغاز 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مشترکہ فضائی حملوں کے بعد ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل سستا، مگر پاکستان میں پیٹرول مہنگا؟
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی عندیہ دیا تھا کہ وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد جاری کشیدگی اور جنگی کارروائیاں ختم ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہوسکتی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے اہم سمندری گزرگاہ ہے، اس لیے اس کی آمدورفت سے متعلق غیر یقینی صورتحال عالمی تیل کی قیمتوں پر براہِ راست اثرانداز ہو رہی ہے۔













