اویئر کی جانب سے ’آواز آگاہی میلے 2026‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں ثقافت، سماجی شعور اور مقامی مثالی شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فینٹا پگڑی: تھرپارکر کا تاج جو دشمنیاں بھی مٹا دیتا ہے
آواز II پروگرام کے تحت منعقدہ میلے کا اہتمام کیئر انٹرنیشنل پاکستان کے تعاون اور برطانوی حکومت کی مالی معاونت سے کیا گیا جس میں سماجی شخصیات، فنکاروں، طلبہ، خواتین، نوجوانوں، سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ اظہر آرائیں نے کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مثبت اور پائیدار تبدیلی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اویئر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر علی اکبر راہموں نے کہا کہ عمرکوٹ تھر کا دروازہ اور میرپورخاص ڈویژن کا ثقافتی مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے محکمہ ثقافت سندھ سے مطالبہ کیا کہ عمرکوٹ کو نمایاں ثقافتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ مقامی فنکاروں کی سرپرستی، ورثے کے تحفظ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ممکن ہو سکے۔
مزید پڑھیے: دلیپ پرمار: تھرپارکر کا بے مثل حسن دنیا تک پہنچانے والے سفیرِ سندھ
تقریب سے کیئر انٹرنیشنل کی صائمہ کریم، ریحانہ فتح کھوسو، اشوک کمار، ساگر مہیشوری اور ایڈووکیٹ محمد بخش کنبھار سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا اور کہا کہ آواز-II پروگرام کا مقصد لوگوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنا اور ان کی آواز کو مضبوط بنانا ہے۔
معذور طالبہ رضوانہ عمرانی کی مثال
تقریب کی اعزازی مہمان سافٹ ویئر انجینیئر رضوانہ عمرانی نے اپنی جدوجہد بیان کرتے ہوئے کہا کہ جسمانی مشکلات کے باوجود تعلیم کا سفر جاری رکھا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معذور بچیوں کے لیے خصوصی وظائف مختص کیے جائیں کیونکہ معذوری یا دیہی پس منظر ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
ثقافتی رنگ اور ’فخرِ عمرکوٹ‘ ایوارڈز
میلے میں نزاکت صادق فقیر، جیاں بھگتیانی، عالمانی گروپ اور شیوا منڈلی سمیت فنکاروں نے موسیقی، شاعری اور تھیٹر کے ذریعے سماجی آگاہی کا پیغام دیا۔
میلے کے اہم حصے ’فخرِ عمرکوٹ‘ اعزازات میں چوہدری نثار احمد آرائیں، محمد بخش کھوسو، مرحومہ مہرالنساء لغاری، سرور ساند، مرحوم حاجی عبدالرحیم پلی، ڈاکٹر علی نواز شاہانی، ساگر مہیشوری اور ڈاکٹر جودھو مل نانجیانی سمیت 8 شخصیات کو تعلیم، امن، رواداری اور سماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر اویئر کے نائب چیئرمین کریم بخش شیخ نے مہمانوں، فنکاروں، شریک اداروں، مقامی لوگوں، رضاکاروں اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کیوں اضافہ ہو رہا ہے؟
میلے میں سامی فاؤنڈیشن، محکمہ بہبود آبادی اور ریسکیو 1122 سمیت مختلف اداروں کے آگاہی اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔














