روس کے یاروسلاول ریجن میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی، جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
روسی حکام کے مطابق آتشزدگی فیکٹری میں ہوئی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ روسی وزارت برائے ہنگامی حالات نے بتایا کہ آگ مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے اور امدادی اہلکار ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیے لاس اینجلس تاریخ کی بدترین آتشزدگی کی لپیٹ میں،بے گھر افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے متجاوز
علاقائی گورنر میخائل یورائیف نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں بتایا کہ آتشزدگی کے بعد پیریسلاول زالیسکی ضلع میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔
وزارت برائے ہنگامی حالات کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 100 سے زائد اہلکار اور 40 امدادی و فائر فائٹنگ گاڑیاں اور دیگر آلات موقع پر بھیجے گئے تھے۔ حکام واقعے کے بعد ملبہ صاف کرنے اور صورتحال کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔














