مری: اسکول وین کو حادثہ، سڑک سے نیچے گرنے پر گاڑی میں آگ لگ گئی، 10 بچے زخمی

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مری کے علاقے لوئر موہڑا بڑاہوتر کے قریب اسکول کے بچوں کو لے جانے والی ایک وین خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور 10 بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق وین اچانک بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری، جس کے فوراً بعد گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی۔ وین میں پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں کے طالب علم سوار تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں اور بچوں کو گاڑی سے باہر نکالا، جبکہ فائر فائٹنگ ٹیم نے بروقت پیش قدمی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

زخمی ہونے والے تمام بچوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد فوراً سول اسپتال مری منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق حادثے میں جھلسنے والے 10 بچوں کی حالت فی الحال خطرے سے باہر ہے، تاہم بہتر علاج معالجے کے لیے بعض بچوں کو راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp