وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زندہ دلان لاہور کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے نئے سال 2027 میں لاہور میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق لاہور میں بسنت کا جشن 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک جاری رہے گا، تاہم 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر بسنت کی تقریبات میں ایک روز کا وقفہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اگلے سال لاہور میں بسنت کیسے منائی جائے گی؟
یاد رہے کہ لاہور میں تقریباً 25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک بسنت منائی گئی تھی۔
اب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نئے سال کی آمد پر لاہوریوں کو 10 روزہ بسنت کا تحفہ دینے کی ہدایت کی ہے۔
Chief Minister Punjab @MaryamNSharif announces “ 10 Days " of Basant festivity in Lahore 🪁😍.
📍 29th January — 07th February pic.twitter.com/5uPaIcV1aT
— Hassan Siddiqui (@Hassandude7) September 30, 2026
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ 10 روزہ بسنت پوری دنیا میں پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے فروغ کا باعث بنے گی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت کے مقابلے میں شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے مزید بہتر انتظامات کیے جائیں اور انسانی جان کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: لاہور میں بسنت 2027 کی تیاریاں شروع، پتنگ سازوں کی رجسٹریشن کب شروع ہوگی؟
مریم نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ بسنت کی طرح اس بار بھی تمام متعلقہ ادارے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کے ساتھ کام کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لیے نئی مثال قائم کریں۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ بسنت کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔














