تھائی لینڈ کا ساحل اچانک سبز کیوں ہورہا ہے؟

ہفتہ 3 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تھائی لینڈ کے معروف سیاحتی جزیرے کولان کے ساحل کے قریب سمندر کا پانی اس ہفتے اچانک چمکدار سبز ہوگیا، جس کے باعث بعض سیاحوں نے سمندر میں اترنے سے گریز کیا۔

ماہرین کے مطابق حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد سمندر میں پلانگٹن  یعنی آبی خوردبینی جاندار کی غیر معمولی افزائش اس تبدیلی کی وجہ ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ میں سیلاب سے تباہی، بنکاک میں ہزاروں افراد پناہ گاہوں میں منتقل

خلیج تھائی لینڈ کے شمالی حصے میں واقع جزیرے کے ساحل کے مختلف مقامات پر پانی کی سطح پر گھنے سبز دھبے اور تہیں دیکھی گئیں، بعض مقامات پر جیٹ اسکیز بھی سبز رنگ کے پانی میں موجود تھیں، تاہم ساحل کے کچھ حصے اس تبدیلی سے متاثر نہیں ہوئے۔

برابھا یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف میرین سائنس کے میرین انوائرنمنٹل ریسرچ ڈویژن کے سربراہ اور سینئر محقق اروت منہاپون کے مطابق سمندر کے پانی کا سبز رنگ ایک خاص قسم کے پلانگٹن نوکٹِلوکا کی وجہ سے ہے۔

ان کی 4 رکنی ٹیم نے علاقے میں پانی کے نمونے حاصل کیے اور پانی کے معیار کی جانچ شروع کردی ہے۔ نمونے لیبارٹری میں لے جاکر پلانگٹن کی اقسام کی شناخت کی جارہی ہے تاکہ صورتحال کے بارے میں مزید واضح معلومات حاصل کی جاسکیں۔

محققین کے مطابق پلانگٹن کی افزائش سمندری ماحول میں ایک قدرتی اور بار بار رونما ہونے والا عمل ہے، تاہم دنیا کے مختلف حصوں میں سمندری درجہ حرارت میں اضافے کے باعث اس کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: تھائی لینڈ جانے والے سیاحوں کے لیے بڑی پریشانی

کھادوں سے بہہ کر آنے والے کیمیائی اجزا اور غذائی اجزا سے بھرپور گندا پانی بھی سمندر میں پہنچ کر پلانگٹن کی تیز رفتار افزائش کا سبب بنتا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پلانگٹن کی افزائش ختم ہونے کے بعد اس کی بڑی مقدار کے مرنے سے پانی میں آکسیجن کی مقدار کم ہوسکتی ہے، اس صورتحال کو ہائپوکسیا یا ’آبی ڈیڈ زون‘ کہا جاتا ہے، جہاں آکسیجن کی کمی کے باعث سمندری حیات کے لیے زندہ رہنا مشکل ہوجاتا ہے۔

برابھا یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف میرین سائنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر انوکول بوراناپراتھیپرات کے مطابق رواں سال خلیج تھائی لینڈ کے اندرونی حصے میں کم آکسیجن والے علاقے میں اضافہ تشویش کا باعث ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال کے مون سون اور ال نینو موسمی اثرات بھی پلانگٹن کی افزائش اور پانی میں آکسیجن کی کمی کو بڑھا سکتے ہیں، تاہم اس تعلق کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: سمندری طوفانوں کے نام کس طرح رکھے جاتے ہیں؟

حالیہ ہفتوں میں تھائی لینڈ کے وسطی صوبوں اور دارالحکومت بینکاک سمیت مختلف علاقوں میں شدید سیلاب بھی آیا ہے، جس کے باعث زیادہ مقدار میں میٹھا پانی خلیج تھائی لینڈ میں داخل ہوا۔

سبز پانی کے باعث ساحل پر کاروبار کرنے والے بعض افراد کے مطابق سیاحوں کی تعداد کم ہوگئی ہے، جبکہ کچھ سیاح جزیرے کے ان علاقوں کا رخ کررہے ہیں جہاں پانی معمول کے مطابق ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp