وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر صومالیہ میں جاں بحق اور زخمی پاکستانی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق، 4 زخمی پاکستانی شہریوں عثمان غنی، عقیل خان، امین بن شمس اور یاسر خان کو ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ET-694 کے ذریعے کراچی روانہ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صومالیہ میں قزاقوں کے قبضے سے آئل ٹینکر بازیاب، 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک
اسی پرواز کے ذریعے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی شہریوں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کے جسدِ خاکی بھی کراچی لائے جارہے ہیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ET-694 آج شام 4 بج کر 40 منٹ پر پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق کراچی پہنچے گی۔
Pakistan’s Ambassadors to Djibouti and Ethiopia saw off the four injured Pakistani crew members of MT Honour 25, Usman Ghani, Aqeel Khan, Ameen bin Shams and Yasir Khan, along with the mortal remains of Rafi Ullah Khan, Syed Kashif Umer and Mahmood Ahmad Ansari, from Addis Ababa.… pic.twitter.com/t0x4VqNsuK
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 4, 2026
ایتھوپیا میں پاکستان کے سفیر عاطف عزیز اور جبوتی میں پاکستان کی سفیر اقصیٰ نواز نے ادیس ابابا ایئرپورٹ پر زخمی پاکستانی شہریوں اور جاں بحق افراد کے جسدِ خاکی کو کراچی روانہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے عمل کی خود مسلسل نگرانی کی اور متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔













