بنگلہ دیش کے معروف نیوروسرجن ڈاکٹر روح القدوس بپلوب کا دورہ کراچی، پیما سے ملاقات میں طبی تعاون پر تبادلہ خیال

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش میڈیکل یونیورسٹی ڈھاکہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور نیشنل ڈاکٹرز فورم بنگلہ دیش کے جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر محمد روح القدوس بپلوب نے پاکستان کے مختصر دورے کے دوران طبی ماہرین، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان طبی اور انسانی بنیادوں پر تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوالٹی امپروومنٹ: ایک قدم جو پورے ادارے کو بدل سکتا ہے

ڈاکٹر روح القدوس بپلوب اکتوبر میں نیوروسرجری سے متعلق ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے اور تقریباً 48 گھنٹے قیام کیا۔ اس دوران انہوں نے آغا خان یونیورسٹی اسپتال، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) ہاؤس اور کراچی پریس کلب کا دورہ کیا۔

پیما ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پیما کے مرکزی صدر پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی، سندھ کے صدر پروفیسر عبداللہ متقی، نائب صدر ڈاکٹر محمد اورنگزیب رہبر، ڈاکٹر ظفر اقبال چوہدری اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ملاقات میں طبی شعبے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کے سماجی اور انسانی کردار پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران بنگلہ دیش کے طبی نظام، میڈیکل تعلیم، نیشنل ڈاکٹرز فورم کی سرگرمیوں اور ملک میں حالیہ سماجی و سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر بپلوب نے جولائی 2024 کے واقعات کے بعد بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

مزید پڑھیے: خیبر پختونخوا میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار اب تک 800 جانیں بچا چکے، مرکزی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان

ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پیما اور نیشنل ڈاکٹرز فورم، فیڈریشن آف اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشنز (فیما) کے پلیٹ فارم کے ذریعے طبی تعلیم، تحقیق، نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت، انسانی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں میں تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔

ڈاکٹر بپلوب نے کراچی پریس کلب کا بھی دورہ کیا جہاں صحافتی برادری کے نمائندوں نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

مزید پڑھیں: نوٹس پیریڈ ۔۔۔ آپ کا اصل امتحان!

دورے کے اختتام پر ڈاکٹر بپلوب نے پاکستان میں ملنے والی میزبانی اور محبت کو سراہتے ہوئے اسے یادگار قرار دیا۔ ملاقات کے شرکا کے مطابق اس مختصر دورے نے دونوں ممالک کے طبی ماہرین کے درمیان پیشہ ورانہ رابطوں کے ساتھ ساتھ باہمی خیرسگالی اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی نئی راہیں ہموار کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp