خیبرپختونخوا حکومت سیکیورٹی معاملات کو سیاسی مداخلت سے محفوظ رکھنے جیسے وعدوں سے مکر گئی، محسن نقوی

اتوار 4 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت مذاکرات کے آخری مرحلے میں ان وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی جن کے تحت صوبے میں دہشتگردی کے خلاف اقدامات، پولیس کی استعداد بڑھانے اور سیکیورٹی معاملات کو سیاسی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے لیے تحریری معاہدہ اور عملدرآمد پلان پیش کیا جانا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے 72 گھنٹوں کے اندر تحریری معاہدے پر دستخط اور عملدرآمد پلان جمع کرانے پر اتفاق کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کامیابی کے قریب پہنچ کر بھی ناکام، پی ٹی آئی اور حکومتی مذاکرات کے دوران کیا ہوتا رہا؟

ان وعدوں میں سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پولیس ایکٹ 2026 پر نظرثانی اور سیکیورٹی معاملات کو سیاسی مداخلت سے محفوظ رکھنا بھی شامل تھا۔

محسن نقوی کے مطابق طے پانے والے نکات میں دہشتگردوں کو صوبے میں آزادانہ کارروائی یا محفوظ پناہ گاہیں قائم کرنے سے روکنا، کالعدم ٹی ٹی پی، طالبان حکومت اور دیگر تمام دہشتگرد گروہوں کی غیر مبہم مذمت اور افغان مہاجرین سے متعلق قومی پالیسی کی حمایت شامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ قومی پالیسی کے تحت افغان مہاجرین کی واپسی اور خیبرپختونخوا میں قائم افغان کیمپوں کے خاتمے سے متعلق اقدامات بھی مجوزہ معاہدے کا حصہ تھے۔

’اس کے علاوہ افغان عبوری حکومت سے کسی قسم کا رابطہ نہ رکھنے، انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں اور پولیس کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کرنے اور انسداد دہشتگردی کے اقدامات کی مکمل صوبائی ذمہ داری قبول کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تھا۔‘

مزید پڑھیں: حکومت اپوزیشن مذاکرات بے نتیجہ ختم: معاہدہ ہوگیا تھا لیکن مذاکراتی ٹیم کو خیبرپختونخوا سے ڈکٹیٹ کیا گیا، طلال چوہدری

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مسلح افواج کے ساتھ تعاون مضبوط بنانا، سابق فاٹا اور ضم شدہ اضلاع میں انسداد دہشتگردی سے متعلق فیصلے کرنا اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد بھی ان وعدوں میں شامل تھا۔

محسن نقوی کے بقول گزشتہ شب مذاکرات کے آخری مرحلے کے دوران خیبرپختونخوا حکومت ان وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی۔

وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا اس وقت جنگ کی صورتحال سے دوچار ہے، اس لیے سیکیورٹی کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp