سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کو صاف، محفوظ اور ماحول دوست بنانے کے لیے ’پلاسٹک فری اسلام آباد‘ اقدام کا آغاز کردیا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی ہدایات پر شروع کیے گئے اقدام کی نگرانی ایڈیشنل کمشنر (جنرل) ڈاکٹر انعم فاطمہ کر رہی ہیں، جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔
اقدام کا مقصد سنگل یوز پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی، شہریوں میں اس کے مضر اثرات کے حوالے سے آگاہی اور دوبارہ قابل استعمال و ماحول دوست متبادل کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
اس سلسلے میں مارکیٹس، کمرشل علاقوں، فوڈ آؤٹ لیٹس، تعلیمی اداروں، پارکس، تفریحی مقامات اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تاجروں اور کاروباری برادری کو سنگل یوز پلاسٹک بیگز کی فراہمی کم کرنے اور صارفین کو ماحول دوست متبادل فراہم کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق اقدام کے تحت پلاسٹک بیگز اور دیگر سنگل یوز پلاسٹک اشیا کے غیر ضروری استعمال کی حوصلہ شکنی، کچرے کو ذمہ دارانہ انداز میں ٹھکانے لگانے اور بہتر ماحولیاتی طریقوں کے فروغ کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد کو پلاسٹک فری بنانا محض انفورسمنٹ سرگرمی نہیں بلکہ سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، شہریوں، تاجروں، کاروباری اداروں، تعلیمی اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اقدام کی کامیابی کے لیے عوام کی بھرپور شرکت اور مسلسل تعاون ناگزیر ہے۔
مزید پڑھیں:سی ڈی اے کا اسلام آباد میں 3 بین الاقوامی معیار کے جدید اسپورٹس ایریناز قائم کرنے کا فیصلہ
انتظامیہ کے مطابق پلاسٹک کے استعمال میں کمی سے سڑکوں، مارکیٹس، پارکس، عوامی مقامات اور نکاسی آب کے نظام کو صاف رکھنے میں مدد ملے گی، جبکہ شہریوں کے لیے صحت مند اور پائیدار ماحول کے فروغ میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔
سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سنگل یوز پلاسٹک کا استعمال ترک کریں، دوبارہ قابل استعمال بیگز ساتھ رکھیں، غیر ضروری پلاسٹک پیکیجنگ سے گریز کریں اور کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے میں اپنا کردار ادا کریں۔













