باکس آفس پر ’ڈگر‘ کی ناکامی پر ٹام کروز نے خاموشی توڑ دی،حیران کن ردِعمل سامنے آگیا

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز نے اپنی نئی فلم ’ڈگر‘ کی کمزور باکس آفس کارکردگی کے باوجود فلم سے متعلق اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس منصوبے کا حصہ بننے اور اسے تخلیق کرنے پر بے حد فخر ہے۔

ٹام کروز نے سوشل میڈیا پر فلم کی تیاری کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پوری ٹیم کی محنت اور جذبے کو سراہا۔ اداکار نے فلم بنانا اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ وہ اس تخلیق پر بے حد فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں فلم کے کمزور بزنس کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

’ڈگر‘ ایک ماحول دوست طنزیہ فلم ہے جس میں ٹام کروز نے ایک خود پسند تیل کے کاروباری شخص کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم میں مرکزی کردار کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی تباہی اور اس کے بعد خود کو انسانیت کا نجات دہندہ ثابت کرنے کی کوشش کو موضوع بنایا گیا ہے۔

فلم ریلیز کے بعد ناقدین کی آرا بھی منقسم دکھائی دے رہی ہیں۔ ’روٹن ٹماٹوز‘ پر فلم کو 50 فیصد ریٹنگ حاصل ہوئی جبکہ بعض ناقدین نے ٹام کروز کی اداکاری کو سراہا ہے۔ دوسری جانب کچھ ناقدین نے فلم کی کہانی، انداز اور مجموعی بیانیے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے الجھا ہوا قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ٹام کروز کی نئی فلم ’ڈگر‘ فلاپ ہوگئی؟ حیران کن ریٹنگ نے مداحوں کو بھی چونکا دیا

تقریباً 3 ہزار 300 سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ’ڈگر‘ نے شمالی امریکا میں اپنے پہلے ویک اینڈ پر صرف 8 ملین ڈالر کمائے اور باکس آفس پر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

رپورٹس کے مطابق فلم کی تیاری پر تقریباً 125 ملین ڈالر خرچ ہوئے ہیں جبکہ منافع کمانے کے لیے اسے دنیا بھر میں تقریباً 300 ملین ڈالر کا بزنس کرنا ہوگا۔

یہ ٹام کروز کی 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لائنز فار لیمبرز‘ کے بعد کسی فلم کی سب سے کم اوپننگ بھی قرار دی جا رہی ہے۔

اسی روز ریلیز ہونے والی این ہیتھ وے اور ڈکوٹا جانسن کی فلم ’ورٹی‘ نے 32.6 ملین ڈالر کما کر ’ڈگر‘ کو نمایاں طور پر پیچھے چھوڑ دیا۔

’ڈگر‘ ٹام کروز کے روایتی ایکشن اور اسٹنٹ سے بھرپور بلاک بسٹرز کے مقابلے میں ایک مختلف نوعیت کی فلم ہے اور اداکار کے کیریئر کے اس دور کی یاد دلاتی ہے جب وہ ’رین مین‘، ’بورَن آن دی فورتھ آف جولائی‘ اور ’میگنولیا‘ جیسی سنجیدہ اور چیلنجنگ فلموں میں بھی نظر آئے تھے۔

دوسری جانب ٹام کروز کے ایکشن کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ’ڈیز آف تھنڈر 2‘ بھی جلد پروڈکشن کے مرحلے میں داخل ہونے والی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp