اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 7 کارروائیوں میں مجموعی طور پر 34.317 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 85 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
مزید پڑھیں:اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار، 19 کلوگرام منشیات برآمد
راولپنڈی میں جی ٹی روڈ پر یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کی واسکٹ میں جذب 1.072 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 745 گرام وزنی 1080 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
فیض آباد بس ٹرمینل کے قریب گیزر میں چھپائی گئی 12 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ہیڈ محمد والا انٹرچینج ملتان کے قریب ایک گاڑی سے 10 کلوگرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق ظفروال روڈ سیالکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 6.5 کلوگرام چرس اور پستول برآمد ہوا، جبکہ چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 1.4 کلوگرام افیون، 1.2 کلوگرام چرس اور بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔













