پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر اور بھارتی ریئلٹی اسٹار راکھی ساونت کی دبئی میں ہونے والی غیر متوقع ملاقات نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
حال ہی میں صبا قمر نے دبئی میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں ان کی ملاقات بھارتی ریئلٹی اسٹار راکھی ساونت سے ہوئی۔ دونوں نے نہ صرف خوشگوار انداز میں ایک دوسرے سے ملاقات کی بلکہ گلے مل کر تصاویر بھی بنوائیں۔
View this post on Instagram
راکھی ساونت صبا قمر سے ملاقات کے لیے پھولوں کے ساتھ ایک انگوٹھی بھی بطور تحفہ لے کر پہنچیں۔ صبا قمر نے راکھی کی جانب سے دیے گئے تحائف کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ان کی محبت اور خلوص کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں معروف شخصیات کی یہ غیر متوقع ملاقات سوشل میڈیا پر صارفین کے لیے بھی خاصی دلچسپی کا باعث بنی اور مداحوں نے تصاویر پر مختلف تبصرے کیے۔
ایک صارف نے دونوں کو ’کوئینز‘ قرار دیا جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’آخرکار دونوں بہنیں دوبارہ مل گئیں‘۔ ایک صارف نے راکھی ساونت کے انداز کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی ’اسپرٹ اینیمل‘ بھی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہانیہ عامر کے گانے ’پابلو‘ پر تنقید، راکھی ساونت اداکارہ کے دفاع میں آگئیں
واضح رہے کہ صبا قمر کا شمار پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں متعدد کامیاب اور یادگار پراجیکٹس میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں بھی اپنی شاندار اداکاری کے باعث بھارتی فلمی شائقین میں پہچان بنا چکی ہیں۔













