پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے نئے گانے ’پابلو‘ پر تنقید کے بعد بھارتی ریئلٹی اسٹار راکھی ساونت ان کے دفاع میں سامنے آگئیں اور ناقدین کو ہانیہ کے بارے میں کچھ نہ کہنے کا مشورہ دے دیا۔
ہانیہ عامر نے بدھ کے روز اپنے پہلے گانے ’پابلو‘ ریلیز کیا تھا، جو ان کے ناقدین کے لیے پیغام قرار دیا گیا، اداکارہ نے شوبز کی دنیا میں اپنے 10 سال مکمل ہونے پر یہ گانا پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہانیہ عامر کا میوزک ڈیبیو، پہلے گانے ’پابلو‘ میں کس کو، کیا پیغام دیا؟
گانے کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر ڈاکٹر اعجاز کے نام سے معروف ایک صارف نے اس پر تنقید کی۔ انہوں نے اپنی ویڈیو میں ’ہانیہ عامر کا پابلو محض ایک گڑبڑ ہے‘ کے عنوان سے گانے کا جائزہ پیش کیا اور سوال اٹھایا کہ ہانیہ عامر جیسی مقبول شخصیت نے اپنے کیریئر کے اہم سنگ میل کو ایسے گانے کے ذریعے کیوں منایا، جسے وہ اچھا نہیں سمجھتے۔
ناقد نے کہا کہ شوبز میں 10 سال مکمل کرنے کے بعد ہانیہ عامر کو اس سے کہیں بڑا کام پیش کرنا چاہیے تھا۔
View this post on Instagram
تاہم ناقد کی رائے مکمل طور پر منفی نہیں تھی اور انہوں نے گانے کے ایک حصے کو سراہا۔ ان کے مطابق گانے کا بہترین حصہ راکھی ساونت تھیں، جن کی آواز گانے کے اختتامی حصے میں شامل ہے۔
راکھی ساونت گانے کے اختتامی حصے میں ہانیہ عامر کو پریشان نہ ہونے اور اپنے ناقدین کا شیرنی کی طرح مقابلہ کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مصر میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی ایک ساتھ موجودگی، تصاویر و ویڈیوز وائرل
ناقد نے کہا کہ اگر راکھی ساونت گانے میں شامل نہ ہوتیں تو گانا بالکل پھیکا ہوتا، تاہم ان کے جملوں نے گانے میں کچھ جان ڈال دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گانے کی ویڈیو زیادہ لطف بخش نہیں، اس کی تیاری کا معیار بھی توقع کے مطابق نہیں اور دھن میں بھی وہ کشش موجود نہیں۔

راکھی ساونت نے ناقد کی ویڈیو کے نیچے تبصرہ کرتے ہوئے ہانیہ عامر کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سب سے محبت کرتی ہیں لیکن ہانیہ کے بارے میں کچھ نہ کہا جائے، کیونکہ وہ ان کی بہت عزیز ہیں۔
راکھی ساونت نے اس کے بعد بھی ہانیہ عامر سے اپنی دوستی اور حمایت کا اظہار جاری رکھا اور انسٹاگرام پر ایسی ویڈیوز شیئر کیں جن کے پس منظر میں ہانیہ عامر کا گانا ’پابلو‘ چل رہا تھا۔














