وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کے لیے یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کرلیا۔ مریم نواز شریف کو یہ ایوارڈ مسقط کے تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی پروقار تقریب میں پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ پیش کرنے کے لیے خصوصی طور پر اسٹیٹ گیسٹ کے طور پر مسقط مدعو کیا گیا تھا۔
مریم نواز نے ایوارڈ حاصل کر لیا !! https://t.co/dBkuw983Yp
— Ahsan Jadoon (@AhsanJadooncxz) October 5, 2026
تقریب میں مریم نواز شریف کی آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، جبکہ یونائیٹڈ نیشنز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ہیومین سیٹلمنٹ پروگرام اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
مریم نواز شریف نے جب یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایوارڈ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ کے ذریعے مکان بنانے والوں کے نام کردیا۔
دنیا بھر سے صرف پانچ منتخب ممالک کو یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ دیا گیا۔ میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے صادق خان بھی سکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل تھے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر یواین ہیبی ٹیٹ کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہیں ڈویلپمنٹ ایگریمنٹس پر دستخط کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جبکہ انہوں نے دیگر شرکاء کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
تقریب کے دوران یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے، جو مختلف افراد، شہروں، سرکاری و نجی اداروں اور ریسرچ انسٹیٹیوٹس کو غیر معمولی کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔
ایوارڈ کے لیے سستی اور مناسب رہائش گاہ، پائیدار اربن ڈویلپمنٹ، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، بہتر اربن ڈویلپمنٹ و تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی جیسے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونائیٹڈ نیشنز کے تحت 37 سال سے جاری اس سلسلے میں 200 نجی اور سرکاری اداروں کو سکرول آف آنر ایوارڈ دیے جاچکے ہیں۔ پاکستان نے بھی 2007 میں یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا تھا۔
19 سال کے بعد پنجاب کا ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ دنیا بھر کے 150 سے زیادہ پراجیکٹس میں سرفہرست قرار پایا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی صوبے کے ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عالمی سطح پر پذیرائی اور ایوارڈ ملا ہے۔













