پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 3 ٹی20 میچز کی سیریز کے لیے سلمان علی آغا کی جگہ اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو کپتان بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں، سابق کپتان بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ اور فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صاحبزادہ فرحان آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار
احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور محمد وسیم جونیئر کے اسکواڈ میں رہنے کے امکانات کم ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو بھی موقع دیے جانے کی توقع نہیں۔
صاحبزادہ فرحان نے حال ہی میں ایشین گیمز 2026 میں نوجوان قومی ٹیم کی قیادت کی، جہاں پاکستان نے پہلی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 19 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
24 سالہ صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستان سری لنکا کے خلاف 3 ٹی20 میچز کھیلے گا۔ تینوں میچز 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ون ڈے کرکٹ میں کپتان تبدیل، اب محمد رضوان کو یہ ضرور پوچھنا چاہیے کہ ‘مجھے کیوں نکالا؟’
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 31 ٹی20 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں پاکستان نے 18 جبکہ سری لنکا نے 13 میچز میں کامیابی حاصل کی۔
سری لنکا کا 2019 کے بعد پاکستان میں یہ پہلا دوطرفہ مختصر فارمیٹ کا دورہ ہوگا۔ 2019 میں لاہور میں کھیلی گئی 3 میچز کی ٹی20 سیریز پاکستان نے 0-3 سے جیتی تھی۔
ٹی20 سیریز کے بعد پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ایک روزہ میچز کی سہ فریقی سیریز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ سہ فریقی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا جبکہ فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا پی سی بی کی عبوری کمیٹی کپتان تبدیل کرنے کا اختیار رکھتی ہے؟
اس کے بعد سری لنکا اسلام آباد میں 4 سے 6 نومبر تک 3 روزہ وارم اپ میچ کھیلے گا، جس کے بعد پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز شروع ہوگی۔ پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔














