پاکستانی اسپنر عثمان طارق نے آئندہ ہوم وائٹ بال سیریز کے لیے قومی ٹیم میں منتخب نہ کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام جاری کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا کے خلاف آئندہ 3 ٹی 20 میچز اور انگلینڈ و سری لنکا کے ساتھ ون ڈے سہ فریقی سیریز کے لیے اسکواڈز کے اعلان کے کچھ دیر بعد عثمان طارق نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی۔
یہ بھی پڑھیں: وائٹیلٹی ٹی 20 بلاسٹ 2026: پاکستان کے مسٹری اسپنر عثمان طارق وارکشائر بیئرز میں شامل
عثمان طارق نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ‘حکمت کا سب سے مشکل حصہ یہ سیکھنا ہے کہ جب انا(ایگو) بولنا چاہے تو خاموش کیسے رہا جائے۔’
عثمان طارق نے پاکستان کی جانب سے 9 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے 18 وکٹیں حاصل کیں۔ 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے توجہ حاصل کی تھی۔
وہ اپنے پہلے عالمی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے۔ عثمان طارق نے 6 میچز میں 14.10 کی اوسط اور 7.23 کے اکانومی ریٹ سے 10 وکٹیں حاصل کیں اور ٹورنامنٹ کے مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں 13ویں نمبر پر رہے۔
تاہم عثمان طارق کو آئندہ ہوم سیریز کے لیے پاکستان کے ٹی 20 یا ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر تنازع ختم؟ بھارتی امپائر نے پاک بھارت میچ سے پہلے کلیئر قرار دے دیا
دوسری جانب پاکستان کے مستقل وائٹ بال وکٹ کیپرز محمد رضوان اور عثمان خان کو بھی اسکواڈ سے باہر رکھا گیا ہے۔ خواجہ نافع کو ٹی 20 اسکواڈ جبکہ غازی غوری اور سعد بیگ کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی ٹی 20 قیادت میں بھی اہم تبدیلی کی گئی ہے اور سلمان علی آغا کو کپتانی سے ہٹا کر اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔ صاحبزادہ فرحان کو نیا ٹی 20 کپتان مقرر کیا گیا ہے، جن کی قیادت میں پاکستان نے 2026 کے ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا، جہاں اسے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور عثمان طارق کے علاوہ فاسٹ بولرز علی رضا، محمد وسیم جونیئر، عاقب جاوید اور احمد دانیال بھی ایشین گیمز میں پاکستان کی مہم کا حصہ تھے، تاہم انہیں آئندہ ہوم سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈز میں شامل نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان طارق نے کیمرون گرین کو ’روتے بچے‘ سے تشبیہ کیوں دی؟
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی 20 میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا ٹی20 13 اکتوبر کو ہوگا۔
ٹی 20 سیریز کے بعد پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے سہ فریقی سیریز کھیلی جائے گی۔ ابتدائی 3 میچز راولپنڈی میں ہوں گے، جس کے بعد بقیہ لیگ میچز اور فائنل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔














