پاکستانی اداکاروں نے غزہ سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اردن میں 5 روزہ انسانی ہمدردی کے مشن کے دوران 500 ضروری اشیائے خورونوش کے پیکجز متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیے۔

29 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس مشن میں جاوید شیخ، خالد انعم، صبا حمید، شگفتہ اعجاز، کبریٰ خان، گوہر رشید، احمد علی اکبر، ایلی خان اور نبیل ظفر نے شرکت کی۔
پاکستانی اداکاروں نے برطانیہ میں رجسٹرڈ فلاحی ادارے ایس کے ٹی ویلفیئر کے مقامی رضاکاروں کے ساتھ مل کر گودام میں کھانے پینے کی اشیا کے پیکجز تیار کیے اور بعد ازاں 500 راشن پیکجز براہ راست فلسطینی خاندانوں میں تقسیم کیے۔

وفد نے اسپتالوں اور گھروں میں زیر علاج زخمی فلسطینیوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں جذباتی تعاون اور دیکھ بھال فراہم کی۔
اداکاروں نے غزہ کے بچوں کے لیے بھی خصوصی وقت گزارا اور ان کے ساتھ خوشگوار لمحات شیئر کیے جبکہ انہیں کھانا بھی فراہم کیا۔
جنگ زدہ علاقے سے علاج کے لیے منتقل کیے گئے مریضوں کے لیے صحت یابی کے سفر میں صرف علاج ہی کافی نہیں ہوتا بلکہ محفوظ رہائش، مناسب خوراک اور اسپتالوں تک بروقت رسائی کے لیے قابل اعتماد سفری سہولت بھی ضروری ہوتی ہے۔ ایس کے ٹی ویلفیئر سال بھر ایسے مریضوں کو رہائش، کھانے اور آمدورفت کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

یہ مشن 2025 میں اردن کے پناہ گزین کیمپوں میں فلاحی ادارے کی جانب سے خوراک کے پیکجز اور حفظان صحت کی کٹس تقسیم کرنے کی مہم کے بعد کیا گیا، جس کے ذریعے تقریباً 76 ہزار افراد تک امداد پہنچائی گئی تھی۔
ایس کے ٹی ویلفیئر کے چیف ایگزیکٹو آصف حسین نے کہا کہ انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کا مطلب یہ ہے کہ حالات بدلنے کے باوجود متاثرہ افراد سے رابطہ برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بعض خاندانوں کو غزہ میں امداد کی ضرورت ہے جبکہ دیگر خاندان علاج کے لیے اردن آئے ہیں، اس ہفتے فلاحی ادارے کی ٹیم نے خاندانوں سے براہ راست ملاقات کی، ان کی ضروریات سنیں اور ان کے لیے اقدامات کیے۔
اردن میں یہ امدادی سرگرمی ایس کے ٹی ویلفیئر کے وسیع تر بین الاقوامی پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت جنگ، بے گھری اور غربت سے متاثرہ افراد کو خوراک، دیکھ بھال اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

فلاحی ادارے کی امدادی سرگرمیاں اردن تک محدود نہیں، غزہ میں مقامی ٹیمیں خوراک، تیار کھانے، صاف پانی، طبی امداد، حفظان صحت کی اشیا اور ہنگامی رہائش سمیت ضروری امداد فراہم کر رہی ہیں۔
2025 میں غزہ میں ان امدادی پروگراموں سے 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے، جن میں 2 لاکھ 25 ہزار 450 افراد کو صاف پانی کی فراہمی کے ذریعے مدد دی گئی۔














