وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نومنتخب ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب ارکان آزاد جموں و کشمیر کے عظیم خطے کی تعمیر و ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نومنتخب ارکان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے 4 نومنتخب ارکان چوہدری لطیف اکبر، مشتاق منہاس، چوہدری سعید اور چوہدری منظور نے اپنے منصب کا حلف اٹھایا۔ چیئرمین آزاد جموں و کشمیر کونسل و وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کونسل کے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے ترقیاتی کاموں کو مزید تقویت دینے کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں احتجاجی عناصر کو انتہائی سنجیدگی سے سمجھانے کی کوشش کی گئی، تاہم پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں خارجی اشاروں پر پاکستان اور کشمیر کاز کے خلاف متحرک عناصر کے خلاف کارروائی ناگزیر تھی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کونسل آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے اور انہیں بطور سربراہ کونسل اس پل کو مزید مضبوط کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب مل کر دن رات محنت کریں گے تاکہ انتخابات میں عوام کی جانب سے دیے گئے مینڈیٹ کو صدق دل سے عملی جامہ پہنایا جا سکے اور خطے میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہو۔
وزیراعظم پاکستان نے صدر آزاد جموں و کشمیر اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر پر زور دیا کہ وہ عظیم خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا آئینی کردار بھرپور طور پر استعمال کریں اور عوام کے مسائل مشاورت اور باہمی تعاون سے حل کریں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی تاکہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی کاموں کو مزید تقویت ملے اور تعلیم، علاج معالجے اور دیگر سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچائی جا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سماجی اور معاشی ترقی کے عمل کو مزید تیز کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حالیہ مہینوں کے بعض افسوسناک واقعات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی عناصر کو انتہائی سنجیدگی سے سمجھانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس میں تمام امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، اس بات پر بھی مشاورت ہوئی کہ انتخابات کے بعد منتخب اسمبلی کی طرف سے قانون سازی کا احترام کیا جائے گا، تاہم بدقسمتی سے اس نیک مشورے کو قبول نہیں کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صورتحال کے تناظر میں قانون نے اپنا راستہ اختیار کیا کیونکہ خارجی اشاروں پر پاکستان اور کشمیر کاز کے خلاف متحرک عناصر کے خلاف کارروائی فرض تھا۔
وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ سال معرکہ حق میں افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت میں دشمن کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھے گا۔
وزیراعظم نے اس حوالے سے ایک مرتبہ پھر افواج پاکستان اور چیف آف ڈیفنس فورسز کو مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کے ارکان کو ایک مرتبہ پھر مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ مل جل کر آزاد کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنایا جائے گا اور قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ایسے اقدامات کیے جائیں گے جنہیں آزاد کشمیر کے عوام آئندہ آنے والے وقتوں میں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ انشااللہ آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب آئےگا۔
تقریب میں صدر آزاد کشمیر محمد نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور وفاقی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔














