امریکی باسکٹ بال لیجنڈ مائیکل جارڈن کی ملکیت رہنے والی 1997 ماڈل فراری 550 مارانیلو 27 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوگئی، جو اس ماڈل کی عوامی نیلامی میں اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔
مزید پڑھیں:15 ہزار ڈالر میں خریدی گئی نایاب فراری 2 کروڑ ڈالر میں فروخت ہونے کا امکان
یہ گاڑی 30 ستمبر کو جوپیٹر (JOOPITER) نے خصوصی گاڑیوں کے ڈیلر کیوریٹڈ (CURATED) کے اشتراک سے نیلام کی، جس کے لیے 2 ہفتوں کے دوران 43 بولیاں موصول ہوئیں۔ گاڑی کی نیلامی سے قبل زیادہ سے زیادہ قیمت کا تخمینہ 13 لاکھ ڈالر لگایا گیا تھا، تاہم حتمی قیمت اس سے دگنی سے بھی زیادہ رہی۔
مائیکل جارڈن نے یہ فراری مئی 1997 میں خریدی تھی اور شکاگو بلز کے ساتھ اپنے عروج کے دور میں اسے استعمال کیا۔ سرخ رنگ کی اس گاڑی میں ٹین رنگ کے چمڑے کا اندرونی حصہ اور امریکی ریاست الینوائے کی خصوصی نمبر پلیٹ MJ 5 لگی ہوئی تھی۔ جارڈن نے ملکیت کے دوران قریباً 6 ہزار 400 میل گاڑی چلائی اور 2002 میں اسے فروخت کردیا۔
فراری 550 مارانیلو 5.5 لیٹر قدرتی طور پر چلنے والے وی 12 انجن اور 6 اسپیڈ مینوئل گیئر باکس سے لیس ہے، جبکہ اس کی طاقت قریباً 485 ہارس پاور ہے۔ 1996 سے 2001 کے دوران اس ماڈل کی صرف 3 ہزار 83 گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں:فراری کی پہلی برقی گاڑی پر ہنگامہ، ’لُوچے‘ نے مداحوں کو ناراض کردیا
عام طور پر ایک فراری 550 مارانیلو کی قیمت قریباً 2 سے 3 لاکھ ڈالر کے درمیان رہتی ہے، تاہم جارڈن کی گاڑی کی قیمت میں اس کی تاریخی ملکیت اور باسکٹ بال کے عظیم کھلاڑی سے وابستگی نے غیر معمولی اضافہ کیا۔
یہ گاڑی طویل عرصے تک منظرعام سے غائب رہنے کے بعد دوبارہ سامنے آئی اور اب ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوئی ہے۔








