ہالی ووڈ کے آنجہانی معروف اداکار اسٹیو میک کوئن کے شاندار کار کلیکشن کی انتہائی نایاب 1967 ماڈل ‘فراری 275 GTB/4S NART Spider’ نیویارک میں نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ ماضی میں محض 15 ہزار ڈالر میں خریدی گئی اس کلاسیک گاڑی کی ممکنہ قیمت نیلامی میں 1 کروڑ 50 لاکھ سے 2 کروڑ ڈالر (تقریباً 4 سے 5 ارب پاکستانی روپے) تک لگنے کی توقع ہے۔
ہالی ووڈ کے نامور اداکار اسٹیو میک کوئن کو اپنی زندگی میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا شدید شوق تھا۔ اپنے دور کے اس معروف آئیکن کے پاس درجنوں لگژری گاڑیاں اور 140 سے زائد موٹر سائیکلیں موجود تھیں۔
اب ان کی نایاب ترین گاڑیوں کے کلیکشن میں شامل ایک شاہکار فراری نیویارک میں نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے، جس کی متوقع قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ سے 2 کروڑ ڈالر کے درمیان طے کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے ٹائی ٹینک ہیرو کی نایاب طلائی گھڑی نیلامی کے لیے پیش، ایک لاکھ پاؤنڈ تک بولی متوقع
یہ گاڑی 1967 کی ‘فراری 275 GTB/4S NART Spider’ ہے، جو فراری نے ‘نارتھ امریکن ریسنگ ٹیم’ کے ساتھ اشتراک سے ایک انتہائی نایاب اوپن ٹاپ (بغیر چھت کے) ماڈل کے طور پر تیار کی تھی۔ اس ماڈل کی کل صرف 10 گاڑیاں بنائی گئی تھیں، جس کی وجہ سے یہ اس دور کی نایاب ترین اور مطلوب ترین فراری سمجھی جاتی ہے۔
اسٹیو میک کوئن کی خواہش پر گاڑی میں تبدیلیاں
اسٹیو میک کوئن کے پاس اس مخصوص ‘بلو سیرا’ (Blue Sera) رنگ میں تیار کردہ صرف دو NART اسپائیڈرز میں سے ایک گاڑی تھی۔ ایک رپورٹ کے مطابق اداکار نے یہ فراری محض 15,000 ڈالر میں خریدی تھی۔ یہ گاڑی ستمبر 1967 میں تیار ہوئی اور لاس اینجلس میں اداکار کے حوالے کی گئی۔
نیلامی کمپنی کے سینئر ماہر ڈیوڈ بائرنن نے بتایا کہ اسٹیو میک کوئن نے گاڑی چلانے سے قبل اس میں کئی تبدیلیاں کروائیں، جن میں گاڑی کا رنگ گہرا نیلا میٹالک کروانا، بمپر ہٹوانا، الیکٹرک اینٹینا اور سیٹیں تبدیل کروانا شامل تھا۔ یہ تمام تبدیلیاں 1967 کے اختتام تک مکمل کر لی گئی تھیں۔
حادثہ اور فلمی سفر
رپورٹ کے مطابق گاڑی ملنے کے چند ہی دنوں بعد اسٹیو میک کوئن کو پیسیفک کوسٹ ہائی وے پر پیچھے سے آنے والی گاڑی کے باعث حادثہ پیش آیا، جس کے بعد اس فراری کو مرمت کے لیے واپس مینوفیکچرر کے پاس بھیجا گیا۔ فراری نے گاڑی کی مکمل مرمت اور دوبارہ رنگ کرنے کے بعد اسے میک کوئن کے حوالے کیا۔ بعد ازاں یہ گاڑی اداکار کی فلمی تاریخ کا حصہ بھی بنی اور ان کی 1968 کی مشہور فلم ‘دی تھامس کراؤن افیئر’ میں نظر آئی۔
2 کروڑ ڈالر تک بولی لگنے کی توقع
شائقین کے لیے اس انتہائی مطلوب نیلامی میں فراری کی اندازاً قیمت 15 سے 20 ملین ڈالر رکھی گئی ہے، تاہم حتمی قیمت کا فیصلہ نیلامی کے دوران لگنے والی بولی کے ذریعے ہو گا۔
یہ بھی پڑھیے مارلن منرو کا آخری پیغام، خفیہ تحریریں اور نایاب اشیا پہلی بار نیلامی کے لیے پیش
گڈنگ کرسٹیز کے مطابق اس گاڑی کی نیلامی نیویارک شہر کے جاوٹس سینٹر میں 20 سے 21 نومبر تک منعقد ہونے والے ‘ریٹروموبائل نیویارک’ ایونٹ کے دوران کی جائے گی۔














