ذات اور ماضی کی بنیاد پر فیصلے کیوں؟ ’مٹی دے باوے‘ نے معاشرتی رویوں پر بحث چھیڑ دی

ہفتہ 10 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی ڈراما ’مٹی دے باوے‘ کی چھٹی قسط نے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی، جہاں بلّو اور بالا کے درمیان انتقامی کشمکش نے کہانی کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔ ناظرین نے قسط کی تیز رفتار کہانی، فنکاروں کی اداکاری اور معاشرتی مسائل کی عکاسی کو سراہا ہے۔

فائزہ افتخار کے تحریر کردہ اور سید وجاہت حسین کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈرامے میں بلّو اور بالا کی دشمنی شدت اختیار کرگئی ہے۔ تازہ قسط میں بلّو، بالا کے گھر پہنچ کر اس کے خاندان کے راز افشا کرتی ہے، جبکہ بالا جوابی کارروائی میں شاہ کے خاندان کو نشانہ بنانے کے لیے نکل پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈراما سیریل ’مٹی دے باوے‘ میں شاندار اداکاری، مایا علی اینا خان اور فضل حسین کی صلاحیتوں کی مداح

بالا کی بہن کی طلاق اور اس کے بھائی کو نوشین کے ساتھ فرار ہونے کی ہدایت جیسے واقعات کہانی میں مزید پیچیدگی پیدا کرتے ہیں۔ سہیل احمد کے غنڈوں کی شمولیت سے تصادم بھی شدت اختیار کرجاتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے بلّو کے کردار اور اداکاری کو غیر معمولی قرار دیا، جبکہ بعض ناظرین نے کہا کہ ڈراما ذات، ماضی اور سماجی پس منظر کی بنیاد پر لوگوں کو پرکھنے جیسی معاشرتی حقیقتوں کو نمایاں کرتا ہے۔ ایک صارف کے مطابق کسی شخص کی خاندانی شناخت کو اس کی محنت اور اچھے کردار پر فوقیت نہیں دینی چاہیے۔

ناظرین نے ڈرامے کی رفتار اور ہر منظر میں دلچسپی برقرار رکھنے کی صلاحیت کی بھی تعریف کی۔ بعض صارفین نے بالا اور بلّو کی کشمکش کے افسوس ناک نتائج، خصوصاً بالا کے چھوٹے بھائی کی ممکنہ موت، کے خدشے کا اظہار کیا۔

تبصروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی اور کرداروں کے فیصلے ناظرین میں جذباتی ردعمل اور معاشرتی رویوں پر بحث کو جنم دے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp