وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع کے لیے علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کی منظوری دیدی، ناموں کا اعلان

ہفتہ 17 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے قیام کی منظوری کے بعد کونسل کے 48 نمائندوں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نمائندوں کی نامزدگی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نئی تشکیل دی گئی علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کی سربراہی ضلع باجوڑ کے ترکانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے شوکت اللہ خان کریں گے، جبکہ شمالی وزیرستان کے وزیر قبیلے سے تعلق رکھنے والے ملک خان مرجان کو وائس چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔

کونسل کے نمائندوں کا انتخاب کیسے کیا گیا؟

علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے ارکان کی نامزدگی کے لیے مقامی جرگوں اور متعلقہ انتظامی حکام کی مشاورت سے انتخابی عمل مکمل کیا گیا۔

اس مقصد کے لیے تمام 12 اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے جرگے منعقد کیے گئے، جن میں مقامی آبادی کے پسندیدہ اور باوقار افراد کو کونسل کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا گیا۔

جرگوں کی جانب سے تجویز کردہ ناموں کی ابتدائی جانچ پڑتال اور کارروائی ایڈیشنل چیف سیکریٹری و ایڈمنسٹریٹر علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ نے کی۔

بعد ازاں ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے مشاورتی عمل مکمل کرکے نامزد نمائندوں کی فہرست چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو بھجوائی۔

چیف سیکریٹری نے ناموں پر مزید کارروائی کے بعد فہرست گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کی، جنہوں نے کونسل کے مجوزہ ارکان کے نام حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیے۔

باجوڑ، مہمند اور خیبر سے کون کون نمائندگی کرے گا؟

ضلع باجوڑ: کونسل میں ضلع باجوڑ کے 4 نمائندے شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں ترکانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے شوکت اللہ خان، شہاب الدین خان، ملک سلطان زیب اور حاجی لالی شاہ شامل ہیں۔

ضلع مہمند: مہمند سے 3 افراد کو کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے، جن میں خادی خیل خوزئی قبیلے کے ملک فیاض خان، بازئی قبیلے کے ملک نادر منان اور اتمان خیل قبیلے کے ملک صاحب خان امبر شامل ہیں۔

ضلع خیبر: ضلع خیبر کو کونسل میں 5 نشستوں پر نمائندگی دی گئی ہے۔ نامزد ارکان میں ملک عبدالرزاق، ملک عزت اللہ، ملک صلاح الدین، ملک ظاہر شاہ اور شیریں خان شامل ہیں۔ ان تمام افراد کا تعلق آفریدی قبیلے سے ہے۔

کرم، اورکزئی اور شمالی وزیرستان کے نمائندے

ضلع کرم: ضلع کرم سے 5 نمائندے کونسل کا حصہ بنیں گے۔ ان میں بنگش قبیلے کے منیر حسین بنگش، علی شیرزئی قبیلے کے ملک عبدالولی خان جبکہ طوری قبیلے کے ملک زمین حسین، سید ولی سید میاں اور احسان اللہ احسان شامل ہیں۔

ضلع اورکزئی: اورکزئی کی نمائندگی کے لیے 3 افراد کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں علی خیل قبیلے کے لال مان شاہ، سید قبیلے کے سید فخر عباس اور مشتی قبیلے کے فیض اللہ شامل ہیں۔

ضلع شمالی وزیرستان: شمالی وزیرستان سے 5 ارکان کونسل میں شامل کیے گئے ہیں۔ وزیر قبیلے سے تعلق رکھنے والے ملک خان مرجان، ملک نصراللہ اور ملک حاجی شیر محمد کے علاوہ داوڑ قبیلے کے مفتی مصباح اللہ خان اور داوڑ/درپا خیل قبیلے کے ملک حبیب خان بھی نمائندگی کریں گے۔

ضلع جنوبی وزیرستان (اپر): اپر جنوبی وزیرستان سے 4 نمائندوں کی نامزدگی کی گئی ہے۔ ان میں قریشی محسود قبیلے کے صالح شاہ، برکی قبیلے کے ملک عرفان الدین احمد برکی اور محسود قبیلے کے ملک محمد رومان محسود اور ملک رمتال خان شامل ہیں۔

ضلع جنوبی وزیرستان (لوئر): لوئر جنوبی وزیرستان سے بھی 4 نمائندے کونسل میں شامل ہوں گے۔ ان میں وزیر قبیلے کے ملک علاؤالدین وزیر، ملک جمیل توجی خیل اور ملک معین الدین وزیر جبکہ سلیمان خیل قبیلے کے ملک سردار عباس شامل ہیں۔

بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور لکی مروت کی نمائندگی

ضلع بنوں: ضلع بنوں سے 4 افراد کو علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کا رکن بنایا گیا ہے۔ ان میں بنوچی قبیلے کے باز محمد خان اور مولانا عبدالغفار قریشی جبکہ وزیر قبیلے کے ملک شیریں اور ملک احسان خان شامل ہیں۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان کے 4 نمائندوں میں قصوریہ قبیلے کے عبدالحلیم، گنڈاپور قبیلے کے سردار آغاز خان، شیرانی قبیلے کے سردار عباد خان اور میاں خیل قبیلے کے قیضر خان ایڈووکیٹ شامل ہیں۔

ضلع ٹانک: ضلع ٹانک سے 3 نمائندوں کو کونسل میں جگہ دی گئی ہے، جن میں کاٹی خیل قبیلے کے نوابزادہ عبدالوہاب، محسود قبیلے کے عبداللہ ننگیال اور کنڈی قبیلے کے عرفان اللہ کنڈی شامل ہیں۔

ضلع لکی مروت: لکی مروت سے 4 افراد کونسل میں نمائندگی کریں گے۔ ان میں بٹانی قبیلے کے مولانا عمر اشرفی جبکہ مروت قبیلے کے ملک ادریس خان، نجیب اللہ خان اور رحمت اللہ عرف متی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp