سلطان آف جوہر کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے چین کے خلاف 3-8 کی شاندار اور بااثر کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کر دیا ہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف مسلسل گولز داغ کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔
میچ کے آغاز سے ہی پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور چین کی دفاعی لائن پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔
یہ بھی پڑھیں:سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز، نشرا سندھو سمیت پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری
پاکستان نے میچ کے 13 ویں منٹ میں سیف اللہ کے شاندار گول کے ذریعے پہلی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد 30 ویں منٹ میں فاروق محمد نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کی برتری کو 0-2 کر دیا۔
پاکستانی فارورڈز کا جارحانہ حملہ
دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے چین پر اپنے حملے جاری رکھے۔ رانا ولید نے 37 ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے اسکور 0-3 کر دیا، جبکہ اس کے صرف 2 منٹ بعد یعنی 39 ویں منٹ میں حمزہ فیاض نے گول داغ کر میچ میں پاکستان کا موقع مزید مضبوط بنا دیا۔
پاکستانی فارورڈز کے تابڑ توڑ حملوں سے چین کی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی۔
مسلسل گولز اور میچ پر کامل گرفت
میچ کے 43 ویں منٹ میں مصطفیٰ غلام نے ایک اور گول کر کے پاکستان کی برتری میں اضافہ کیا، جبکہ اس کے اگلے ہی منٹ یعنی 44 ویں منٹ میں عثمان محمد نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر اسکور 0-6 کر دیا۔
مزید پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ سے اخراج مہنگا پڑگیا، پاکستانی کھلاڑیوں پر 50 لاکھ جرمانہ
میچ کے اختتامی لمحات میں حیدر عاصم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 ویں اور 57 ویں منٹ میں مسلسل 2 گولز داغ کر پاکستان کی برتری کو مزید مستحکم کر دیا اور ٹیم کی یکطرفہ فتح پر مہر ثبت کی۔
دوسری جانب چین کی ٹیم پاکستان کے اس طلاطم خیز حملے کا جواب دینے میں ناکام رہی، تاہم وہ 3 گولز کرنے میں کامیاب ہوئی۔ چین کی جانب سے لیانگ ہاؤلن نے 2 گولز اسکور کیے، جبکہ ان کی ٹیم کا تیسرا گول وانگ یوبو نے بنایا۔
پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی کی مبارکباد
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی نے چین کے خلاف شاندار فتح پر جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور کوچنگ اسٹاف کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک جاری کردہ بیان میں صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی نے کھلاڑیوں کے فائٹنگ اسپرٹ اور باہمی اتحاد کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی یہ زبردست کارکردگی پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جونیئر ٹیم آنے والے میچوں میں بھی اسی تسلسل اور جذبے کو برقرار رکھے گی اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کرتی رہے گی۔














