وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامی سروس کے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری ذمہ داریوں کو محض ملازمت نہ سمجھیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کام کریں، کیونکہ ان کے فیصلے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے ان کی تعلیم، تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سرمایہ کاری کی ہے، اس لیے اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیں ملک اور عوام کی خدمت کے لیے استعمال کریں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی سندھ کے انتظامی سروس کے افسران سے ملاقات اور خطاب https://t.co/x6LANCWVUg
— PMLN (@pmln_org) October 17, 2026
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انہیں شناخت، عزت اور آگے بڑھنے کے مواقع دیے ہیں۔ وہ خود بھی پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ ان کے بقول، سرکاری عہدے کے ساتھ بڑی ذمہ داری آتی ہے اور حکومت چلانا بظاہر آسان دکھائی دیتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک مشکل کام ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ کا مرکز کارکردگی اور عملی نتائج ہیں۔ وہ ایسے فیصلوں کو اہم سمجھتی ہیں جن سے لوگوں کو فائدہ پہنچے اور ان کی زندگیوں میں بہتری آئے۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان جیسے سینیئر سیاستدان سے دہشتگردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی، مریم نواز
انہوں نے نوجوان افسران کو خبردار کیا کہ وہ روایتی اور آسان راستہ اختیار کرکے ذمہ داریوں سے بچنے کی کوشش نہ کریں۔ محض حاضری لگانا، دستخط کرنا یا دوسروں کی غفلت کو جواز بنا کر کام نہ کرنا ملک کی ترقی کے لیے نقصان دہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان افسران ملک کی مستقبل کی قیادت ہیں اور انہیں اپنے منصب کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنانا چاہیے۔











