کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے چپے چپے کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد دی اور کہا کہ نئے افسران کے کندھوں پر ملک کی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، جسے پورا کرنے کے لیے انہیں پیشہ ورانہ زندگی کے چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیانت داری، بہادری اور جرات قیادت کے بنیادی اصول ہیں۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 154ویں لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس فارغ التحصیل ہوئے۔ بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن سمیت دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی تربیت مکمل کی۔
پاکستان ایک پُرامن ملک کی حیثیت سے ثابت قدمی کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ تحمل، مکالمے اور علاقائی استحکام کو ترجیح دیتا آیا ہے۔ تاہم، کوئی بھی مخالف ہمارے امن کے عزم کو کمزوری نہ سمجھے اور نہ ہی ہمارے تحمل کو عزم و حوصلے کی کمی سے تعبیر کرے۔ ہم نہ تو سرحد پار سے ہونے والی جارحیت… pic.twitter.com/UOyKinaMmv
— WE News (@WENewsPk) October 17, 2026
جنرل سید عامر رضا نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔ 154ویں لانگ کورس کے اکیڈمی سینیئر انڈر آفیسر محمد جنید جبار کو شمشیرِ اعزاز، اسی کورس کے بٹالین سینیئر انڈر آفیسر سید حسن عباس کو صدرِ پاکستان کا گولڈ میڈل اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ریاض محمود خان کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل دیا گیا۔
اسی کورس کے محمد عبداللہ کو نشانہ بازی کا تمغہ ملا، جبکہ 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے علی احمد مصطفیٰ کو چیف آف آرمی اسٹاف کین پیش کی گئی۔ 73ویں انٹیگریٹڈ کورس کے محمد حمزہ فیاض اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی مریم طارق کو کمانڈنٹ کینز دی گئیں۔
جنرل سید عامر رضا نے خواتین کیڈٹس کی شرکت کو باعثِ افتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور فوجی جوان ملک کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کرم سیکٹر: پاک فوج کی افغان طالبان کی پوسٹوں پر جوابی کارروائی، فتنہ الخوارج کی دراندازی ناکام
انہوں نے کہا کہ خطے کی حالیہ کشیدہ صورت حال میں پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو دنیا بھر نے دیکھا۔ انہوں نے فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے پر زور دیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔











