پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ انہیں اپنی کارکردگی کے ذریعے کسی کو کچھ ثابت کرنے یا کسی کو جواب دینے کی ضرورت نہیں۔ وہ گزشتہ 4 سال سے مسلسل کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ان کے لیے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی پیش کرنا اہم ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ان کے بیٹنگ کے انداز میں تینوں فارمیٹس کے دوران کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ خوش قسمتی سے ایک روزہ کرکٹ میں ان کی کارکردگی زیادہ بہتر رہی ہے، تاہم وہ ہر فارمیٹ میں اچھا کھیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کرکٹ سے محبت ہے اور پاکستان کے لیے کھیلنا اچھا لگتا ہے۔
سلمان علی آغا نے اپنی حالیہ کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ 3 ٹیسٹ میچز ان کے لیے اچھے ثابت نہیں ہوئے، لیکن وہ گزشتہ 4 سال سے کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں فارم دوبارہ حاصل کرنے میں بعض اوقات کچھ وقت لگتا ہے۔
سلمان علی آغا نے اپنی سینچری کے بعد مخصوص انداز میں جشن منانے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جشن ان کے بیٹے کے لیے تھا۔
واضح رہے کہ سلمان علی آغا نے آج راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں شاندار سینچری اسکور کی۔
انہوں نے 90 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کی سینچری کی بدولت پاکستان نے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے اور سری لنکا کو کامیابی کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہاکہ دونوں ٹیموں نے آخری اوورز میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کیا۔
پاکستانی بیٹر نے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کو مناسب اہمیت نہ دیے جانے پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کو وہ عزت نہیں دی جاتی جس کی وہ مستحق ہے، حالانکہ اس سطح پر کھیلنا اور رنز بنانا آسان نہیں ہوتا۔
سلمان علی آغا کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر بھی بہتر کھیل پیش کر سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی محنت اور کارکردگی کو تسلیم کیا جانا چاہیے اور انہیں عزت دینی چاہیے۔











