آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے، مختلف سیاسی رہنماؤں کا موقف

پیر 19 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے ملک میں مؤثر طرزِ حکمرانی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بلدیاتی نظام اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صنوبر انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محض چھوٹے صوبے بنا دینا مسائل کا حل نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے ڈویژن کی سطح پر ایک مضبوط اور فعال انتظامی نظام قائم کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت صوبوں میں ڈکٹیٹرشپ کی سی کیفیت ہے، جس کی وجہ سے اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہو پا رہی۔

یہ بھی پڑھیے نئے صوبے انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں، سرفراز بگٹی

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے آئین کے آرٹیکل 140-A پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مقامی حکومتوں کے انتخابات وقت پر اور باقاعدگی سے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزرائے اعلیٰ کے پاس منتخب مقامی حکومتوں کو وقت سے پہلے تحلیل کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے تاکہ بلدیاتی نمائندے بلا خوف و خطر عوام کی خدمت کر سکیں۔

سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے مقامی حکومتوں کو مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات کی منتقلی کو شفافیت اور احتساب کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت صوبائی حکومتیں مقامی حکومتوں کا قیام عمل میں لانے اور منتخب نمائندوں کو اختیارات منتقل کرنے کی پابند ہیں۔

یہ بھی پڑھیے نئے صوبے بنانے سے پہلے سیاسی و انتظامی معاملات اور منصفانہ تقسیم پر بات ہونی چاہیے، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان

دانیال عزیز نے ‘سبسڈیریٹی’ کے عالمی اصول کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جو کام جس سطح پر بہتر طور پر انجام دیا جا سکتا ہو، اسے اسی سطح پر سونپا جانا چاہیے۔ اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے نہ صرف فیصلہ سازی تیز ہوتی ہے اور انتظامی اخراجات کم ہوتے ہیں، بلکہ عوامی نمائندگی اور جواب دہی کا نظام بھی مضبوط ہوتا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اختیارات کی منتقلی کے بعد صوبائی بیوروکریسی کی ضروری تنظیمِ نو (Restructuring) مکمل نہ ہو سکی، جس کی وجہ سے اختیارات بلدیاتی نمائندوں کے بجائے روایتی انتظامی ڈھانچے میں ہی مرتکز ہو کر رہ گئے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 140-A پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کا پرزور مطالبہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp