15 سالہ یتیم مزدور نے بات نہ مانی تو ملتان میں شہری نے گاڑی چڑھا دی، دلخراش ویڈیو وائرل

منگل 20 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملتان میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور اسے گاڑی سے کچلنے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

واقعے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک صارف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے ریاست اس واقعے کے ذمہ دار کو سزا دلوانے کے لیے یقینی اقدامات کرے گی۔

شمع جونیجو لکھتی ہیں کہ پاکستان کا امیر طبقہ اس قدر بے حس اور ظالم ہو چکا ہے کہ اسے یقین ہوتا ہے کہ وہ ہر جرم کرکے بھی قانون کی گرفت اور سزا سے بچ نکلے گا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران مقتول لڑکے پر چوری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ واقعے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں لڑکے کے تعاقب اور گاڑی کی ٹکر سے متعلق مناظر کی جانچ کی جارہی ہے۔

سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق مقتول ایک این جی او کے زیرانتظام یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا۔ اسے تقریباً سات روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: مندر میں پوجا کرتی کم عمر بچی سے شرمناک حرکت، سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل، ملزم گرفتار

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم مختلف عمارتوں میں بجلی کی تنصیبات کے ٹھیکے لیتا تھا اور اس سے قبل بھی یتیم خانے کے بچے اس کے پاس تربیت حاصل کرتے رہے تھے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکے کے کام چھوڑ کر وہاں سے چلے جانے پر اس کا تعاقب کیا گیا اور مبینہ طور پر گاڑی اس پر چڑھا دی گئی جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کرلیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب مقتول کی میت اس کے چچا اور ماموں مظفرگڑھ لے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp