ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے والا مرکزی ملزم توقیر نذیر بہاولپور کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
سی سی ڈی کے ڈسٹرکٹ آفیسر عرفان اکبر کے مطابق پولیس نے ناردرن بائی پاس بہاولپور پر موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کر دی اور بھاگنے کی کوشش کی۔ اس دوران مرکزی ملزم توقیر اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
فرار اور عدالت میں پیشی کا پس منظر
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزم توقیر نذیر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا، تاہم وہ پولیس تحویل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ واضح رہے کہ عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلاء نے بھی ملزم کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیے چھٹی مانگنے کی سزا موت، ملتان کے 15 سالہ وسیم کے ساتھ پیش آنے والا واقعے نے معاشرے کو جھنجوڑ کر رکھ دیا
پنجاب پولیس کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے مطابق، ملزم توقیر ملتان کی ڈی ایچ اے (DHA) پولیس کی حراست سے فرار ہو گیا تھا۔
افسوسناک واقعے کی تفصیلات
مقتول 15 سالہ وسیم عباس ایک این جی او کے یتیم خانے میں مقیم تھا، جسے 7 روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ ملزم توقیر کے غیر انسانی رویے سے تنگ آ کر وسیم نے کام چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور وہاں سے چلا گیا۔
کام چھوڑ کر جانے پر ملزم توقیر نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر گاڑی میں لڑکے کا تعاقب کیا۔
یہ بھی پڑھیے ملتان میں 15 سالہ بچے کو گاڑی تلے کچلنے والا ملزم عدالت میں پیش، وکلا نے پٹائی کردی
ملزمان نے ابتدا میں اس قتل کو محض ایک حادثہ قرار دینے کی کوشش کی، تاہم ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی مختلف سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز نے سچائی آشکار کر دی۔ ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے بھاگتے ہوئے بچے کا تعاقب کیا اور انتہائی سفاکی سے اس پر تیز رفتار کار چڑھا دی، جس کے نتیجے میں یتیم بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیے ملتان :15 سالہ ملازم کو گاڑی سے کچل کر قتل کرنے والا ملزم 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔ فرار ملزم کے دوسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔









