وزارت مذہبی امور نے ایران اور عراق کے لیے فضائی سفر کرنے والے پاکستانی زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کے لیے اہم سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی پیشگی تصدیق ضرور کریں تاکہ سفر کے دوران کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جاسکے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ایران اور عراق جانے والے پاکستانی زائرین غیر یقینی پروازوں کے ذریعے سفر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل سفری انتظامات یقینی بنائیں۔
ترجمان نے بالخصوص تہران، مشہد اور نجف کے درمیان سفر کرنے والے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی پیشگی تصدیق لازمی کریں۔
وزارت مذہبی امور نے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ پرواز کی منسوخی کی صورت میں متبادل زمینی یا فضائی سفر اور عارضی رہائش کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اضافی رقم بھی اپنے ہمراہ رکھیں۔
ترجمان کے مطابق رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ ایرانی پروازوں پر انحصار کرنے سے گریز کریں اور زائرین کے سفری انتظامات مکمل تصدیق کے بعد ہی حتمی شکل دیں۔
وزارت مذہبی امور نے تمام زیارت گروپ آرگنائزرز کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنے گروپ میں شامل تمام زائرین کو جاری کردہ سفری ایڈوائزری سے مکمل طور پر آگاہ کریں تاکہ ان کا سفر محفوظ اور بلاتعطل جاری رہ سکے۔









