27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج کے وادیِ کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی پامالی کے خلاف شاہراہِ دستور اسلام آباد پر ایک عظیم الشان ’یومِ سیاہ‘ ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزراء، اراکینِ پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے مظلوم کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی سے خطاب اور ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کی کھلی ورزی ہے۔
انھوں نے بھارتی ظلم و ستم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔
اراکینِ پارلیمنٹ اور مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی توڑے اور مقبوضہ وادی کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے اس یقین دہانی کا اعادہ کیا گیا کہ پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان کی آزادی کی منزل اب دور نہیں ہے۔









