وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمٰن کی ملاقات، دونوں فریقوں کی 3، 3 رکنی کمیٹی قابلِ عمل تجاویز اور حتمی سفارشات مرتب کرے گی، کم آمدن طبقے کے لیے ریلیف اسکیم میں اب تک 1 کروڑ 27 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو مالی استطاعت کے مطابق ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ہمراہ وفود کے ملاقات کی تفصیلات وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری اعلامیے میں کر دی گئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، عوام کو ریلیف کی فراہمی اور پیٹرولیم لیوی میں کمی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر حکومت اور جماعت اسلامی نے پیٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ بڑھانے اور پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
حکومت اور جماعت اسلامی کی 3، 3 رکنی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے 3، 3 اراکین پر مشتمل کمیٹی عوامی ریلیف کے حوالے سے 2 اہم اقدامات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
کمیٹی کی پہلی ذمہ داری پیٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے تجاویز مرتب کرنا ہوگی، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ دوسری ذمہ داری پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے آئندہ بجٹ میں قابلِ عمل تجاویز تیار کرنا ہوں گی۔
وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے کمیٹی کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ کو نامزد کیا۔
پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر پڑنے کا اعتراف
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران کہا کہ انہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں عوام پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں، بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت اپنی مالی استطاعت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
علاقائی بحران کے حل کے لیے سفارتی کوششیں
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے حالیہ علاقائی صورت حال کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے کم آمدن طبقے کو فراہم کیے جانے والے حکومتی ریلیف کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت علاقائی بحران کے حل کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے، تاکہ صورت حال معمول پر آ سکے اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
وزیراعظم نے جماعت اسلامی کے وفد کو کم آمدن طبقے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں اب تک فراہم کیے گئے حکومتی ریلیف کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
ریلیف اسکیم میں 1 کروڑ 27 لاکھ افراد رجسٹرڈ
وزیراعظم کے مطابق کم آمدن طبقے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں حکومتی ریلیف اسکیم کے تحت اب تک 1 کروڑ 27 لاکھ افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ محدود مالی وسائل کے باوجود مستحق طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ مجوزہ کمیٹی اسکیم کے دائرہ کار میں توسیع اور پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔
جماعت اسلامی کا مؤقف
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں جماعت اسلامی کے وفد نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ حکومتی اور جماعت اسلامی کی نمائندگی پر مشتمل کمیٹی باہمی مشاورت سے ایسی تجاویز تیار کرے گی جن کے ذریعے ریلیف اسکیم سے زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں اور پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے آئندہ بجٹ میں قابلِ عمل راستہ نکالا جا سکے۔
جماعت اسلامی کے وفد میں حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ، نصر اللہ رندھاوا اور عنایت اللہ شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔











