امریکی ریاست ٹیکساس میں نسل پرستانہ لباس پہننے والے افراد کی ویڈیوز وائرل

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ایل پاسو میں سفید فام بالادستی کی حامی تنظیم ’کو کلوکس کلان‘ سے مشابہ لباس پہن کر سڑکوں پر گھومنے اور نسلی توہین آمیز نعرے لگانے والے افراد کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں متعدد افراد کو سفید چوغے اور نوکیلی ٹوپیاں پہنے رہائشی علاقے میں چلتے اور نسلی منافرت پر مبنی الفاظ استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کے یومِ آزادی پر سفید فام قوم پرستوں کی ریلیاں، ٹرمپ ایک بار پھر تنقید کی زد میں

مقامی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے مطابق، یہ افراد مبینہ طور پر نوجوان تھے اور ہالووین کی تقریب میں شرکت کر رہے تھے۔

ایل پاسو پولیس نے پیر کے روز کہا کہ حکام ویڈیوز اور واقعے سے متعلق موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا کسی قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

ایل پاسو پولیس کے سربراہ پیٹر پیسیلاس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ کو کلوکس کلان سے وابستہ علامتیں اور زبان دہشت، تشدد اور نسلی نفرت کی تاریخ کی نمائندگی کرتی ہیں۔

ان کے مطابق، ایسی علامتوں کو محض لباس یا مذاق قرار دے کر نظرانداز کرنا ناقابل قبول ہے۔

نسلی امتیاز کے خلاف سرگرم امریکی تنظیم نیشنل ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپل کی مقامی شاخ نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی، مقامی میڈیا کے مطابق، تنظیم نے اس واقعے پر غم و غصے، نفرت اور شدید احتجاج کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: ’جرائم پورے ملک کا مسئلہ ہیں‘، جنوبی افریقی سفیر نے سفید فام نسل کشی کا دعویٰ مسترد کردیا

امریکی قانون کے تحت صرف کو کلوکس کلان سے مشابہ لباس پہننا بذاتِ خود جرم نہیں، تاہم اگر اس کے ساتھ دھمکانے، خوف زدہ کرنے یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا ارتکاب کیا جائے تو قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔

امریکی خانہ جنگی کے بعد تشکیل دی جانیوالی کو کلوکس کلان نامی تنظیم سیاہ فام افراد سمیت نسلی اور نسلیاتی اقلیتوں کو قتل، تشدد اور دھمکیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کے حوالے سے بدنام رہی ہے۔

1920 کی دہائی کے وسط میں اس تنظیم کی رکنیت کا تخمینہ 40 سے50  لاکھ افراد لگایا گیا تھا، یہ واقعہ امریکا میں کو کلوکس کلان کی علامتوں کے استعمال سے متعلق حالیہ تنازعات کے بعد سامنے آیا ہے۔

رواں ماہ یونیورسٹی آف میری لینڈ نے اپنی کلب ٹینس ٹیم کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا تھا، جب ٹیم کے ارکان کی جانب سے ایسے ٹورنامنٹ مواد کی تشہیر کی گئی جس میں ریاستی پرچم کے ڈیزائن میں کو کلوکس کلان طرز کی نوکیلی ٹوپیاں شامل تھیں۔

ستمبر میں کیلیفورنیا میں ایک شخص کو ٹریڈر جوز سپر مارکیٹ کے قریب اسی نوعیت کا لباس پہننے پر عوامی مقام پر نشے کی حالت میں ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق، اس واقعے میں نفرت پر مبنی جرم کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور محض متنازع لباس پہننا غیر قانونی نہیں تھا۔

گزشتہ سال ہالووین کے موقع پر ریاست ٹینیسی میں ایک طالب علم کو کو کلوکس کلان کے رکن جیسا لباس پہن کر اسکول آنے پر واپس بھیجتے ہوئے تادیبی کارروائی کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

آن لائن کھیلوں اور سوشل میڈیا پر بچوں کے لیے خطرناک جال، گروہ کیسے کام کرتے ہیں؟

شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ برسائیں، مسلم لیگ (ق) کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل

مفتی محمود مرکز کی تعمیر اور زمین سے متعلق دستاویزات سامنے آگئیں، ثمر ہارون بلور

ڈیڑھ صدی پہلے انسانوں کا جسم آج کے مقابلے میں زیادہ گرم تھا، سائنسدانوں نے حیران کن تبدیلی کی وجہ جان لی؟

پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ڈبل شفٹ میں کرنے کا فیصلہ، رنگ روڈ رواں ہفتے کلیئر کرنے کی ہدایت

ویڈیو

عمران خان سے وکیل کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی پر کیا ردعمل ظاہر کیا؟

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی توہین کی، ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بہرامند تنگی

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، پشاور میں فی کلو قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی

کالم / تجزیہ

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟

مولانا فضل الرّحمان اور خواجہ آصف کا نقد سودا