مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی ڈار نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں درست اور غلط معلومات میں فرق کرنا اور ہر خبر کی تصدیق کرنا ناگزیر ہے، جبکہ اس ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پنجاب یونیورسٹی میں میڈیا اینڈ انفارمیشن لٹریسی ویک 2026 کے دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کے ساتھ اس کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کو بھی ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیپ فیکس اور گمراہ کن معلومات سے بچاؤ کے لیے نوجوانوں میں میڈیا اور ڈیجیٹل آگاہی کو فروغ دیا جائے گا۔ مصنوعی ذہانت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تکنیکی مہارت کے ساتھ تنقیدی سوچ اور درست فیصلہ سازی بھی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز آٹزم سینٹر کی سہولیات دنیا کے بہترین مراکز سے کم نہیں، علی ڈار
علی ڈار نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر معلومات شیئر کرتے وقت اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور غیر مصدقہ مواد پھیلانے سے گریز کریں۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت تعلیم، تحقیق اور معاشرتی بہتری کے لیے استعمال کرنی چاہیے اور ٹیکنالوجی کو انسانی اقدار کے تابع رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے ساتھ اس کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔











