انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
پشاور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل علی زمان پیش ہوئے اور عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں جو کچھ ہوا اس کے ذمہ دار سہیل آفریدی اور وہاں کے ارکان اسمبلی ہیں، پی ٹی آئی رہنما نثار جٹ
سماعت کے دوران بتایا گیا کہ پولیس نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، سابق وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش سمیت پاکستان تحریک انصاف کے پشاور کے ضلعی صدر عرفان سلیم کو نامزد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے تیار کی گئی ایک رپورٹ میں ان افراد کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ بعد ازاں رپورٹ نادرا کو بھجوائی گئی، جس نے ملزمان کی شناخت سے متعلق تصدیق کی۔ پولیس نے اسی رپورٹ کی بنیاد پر چالان عدالت میں جمع کرایا۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔










