عالمی مائننگ ٹیکنالوجی کمپنی ’وئیر‘ کی پاکستان کے معدنی شعبے میں دلچسپی، طویل المدتی شراکت داری کا عندیہ

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی مائننگ ٹیکنالوجی کمپنی وئیر (Weir) نے پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے لیے اپنی بین الاقوامی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور معدنی شعبے کے اہم اداروں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے عالمی مائننگ ٹیکنالوجی کمپنی وئیر کے ڈائریکٹر جے ڈی سنگلٹن نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، جدید مائننگ ٹیکنالوجی کے استعمال اور اسٹریٹجک تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان کے معدنی شعبے میں وئیر کی دلچسپی اور شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر وئیر کے ڈائریکٹر جے ڈی سنگلٹن نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے لیے اپنی عالمی مہارت بروئے کار لانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ وئیر مائننگ ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی ایک بین الاقوامی کمپنی ہے، جو دنیا کے 50 سے زیادہ ممالک میں اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت پاکستان معدنی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور تعاون کے فروغ کے لیے مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے اور معدنی وسائل کی ترقی کے لیے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ وئیر پاکستان میں حکومت اور معدنی شعبے کے اہم اداروں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

کمپنی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں پلاٹینم اسپانسر کے طور پر شرکت کرے گی۔

وئیر کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈریو نیلسن سمیت کمپنی کی اعلیٰ قیادت بھی 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شریک ہوگی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp