جی ایس پی پلس سے بھرپور استفادہ کرنے کا فیصلہ، پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے کوششیں تیز

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستانی برآمدات میں اضافے، عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور تجارتی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس فریم ورک سے مؤثر اور بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان کے تجارتی اور برآمدی فروغ کے ایجنڈے سے متعلق بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بین الاقوامی تجارت کے فروغ اور عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کے تناظر میں انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق اور ماحولیاتی نظم و نسق سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات بڑھانے کے لیے تجارتی سہولتوں کو مزید مؤثر بنانے، پاکستانی مصنوعات کے معیار میں بہتری لانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس فریم ورک سے تمام متعلقہ شعبوں میں مؤثر اور جامع انداز میں فائدہ اٹھایا جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات کے لیے تجارتی مواقع میں اضافہ کیا جاسکے۔

اسحاق ڈار نے برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں اور سرکاری اداروں کے درمیان مربوط تعاون اور مشترکہ حکومتی حکمت عملی ناگزیر ہے۔

نائب وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ تجارتی سہولتوں کی فراہمی اور برآمدات میں اضافے کے لیے جاری کوششوں کی رفتار برقرار رکھی جائے اور تمام ادارے باہمی رابطہ کاری کے ذریعے اقدامات آگے بڑھائیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری تجارت، سیکریٹری انسانی حقوق، بیلجیئم اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر، صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کے اعلیٰ حکام سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینیئر افسران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp