پشاورمیں پولیس کا جدید اینٹی ڈرون سسٹم فعال، مشکوک ڈرونز کی نشاندہی اور انہیں گرانے کی صلاحیت حاصل

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا پولیس نے سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ میں جدید اینٹی ڈرون سسٹم شامل کر دیا ہے، جو نہ صرف فضائی حدود میں مشکوک ڈرونز کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر انہیں گرانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ یہ سسٹم پشاور سمیت ڈی آئی خان، بنوں اور دیگر حساس اضلاع میں نصب کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آئی ٹی اعجاز خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے پہلی مرتبہ ایسا جدید نظام متعارف کرایا ہے جس میں ڈرون ٹیکنالوجی کو سیکیورٹی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اینٹی ڈرون سسٹم کو سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے مانیٹر اور کنٹرول کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف اضلاع میں پولیس کے زیر استعمال ڈرونز کی لائیو مانیٹرنگ بھی کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا پولیس کا ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی منصوبے کو منتقل

انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں وہاں سپارکو کے سیٹلائٹ کے ذریعے نظام کو فعال رکھا جا رہا ہے۔ بنوں، ڈی آئی خان اور لکی مروت میں کنٹرول رومز نے کام شروع کر دیا ہے، جبکہ پولیس اور پاک فوج کے تعاون سے دیگر اضلاع میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ مکمل کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی آئی ٹی کے مطابق حساس اضلاع میں ڈرونز کی تعداد دوگنی کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس کی نگرانی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بھی ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ اس جدید نظام کی بدولت پولیس پر ڈرون حملوں میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ضلع خیبر کا کنٹرول پشاور پولیس کے حوالے، حالات معمول پر آنے لگے

اعجاز خان کا کہنا تھا کہ پولیس کی کوشش ہے کہ شہروں کی نگرانی کیمروں کے ذریعے جبکہ فضائی حدود کی نگرانی جدید اینٹی ڈرون سسٹم کے ذریعے کی جائے۔ اس مقصد کے لیے تقریباً 200 پولیس اہلکاروں کو خصوصی تربیت بھی دی جا چکی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سیف سٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید جدید بنانے کے بعد پولیس اب ای چالان سسٹم کی جانب بڑھ رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp