خیبرپختونخوا پولیس کا ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی منصوبے کو منتقل

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا پولیس کے ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو عملی طور پر سیف سٹی منصوبے کے تحت منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملک میں پہلی مرتبہ ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کیا گیا ہے، جس کا مقصد فضائی نگرانی، ڈرون پروازوں کی نگرانی اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مدت کا انحصار صوبے کی صورتحال پر ہوگا، مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور

خیبرپختونخوا پولیس نے رواں سال ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام متعارف کرایا تھا، پولیس سربراہ ذوالفقار حمید کے اسٹینڈنگ آرڈر کے تحت قائم ڈرون ڈویژن جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں معاونت فراہم کررہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم سے براہ راست منسلک کیا گیا ہے۔ اینٹی ڈرون نظام اپنے ریڈار کی حدود میں اڑنے والے ہر ڈرون کی نگرانی کرے گا، جبکہ مشکوک ڈرون ریڈار کی حدود میں داخل ہوتے ہی سیف سٹی کنٹرول روم کو الرٹ جاری کرے گا۔

پولیس کے مطابق پشاور میں ایک اینٹی ڈرون نظام پانچ کلومیٹر کے علاقے کی نگرانی کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے امن و امان کی صورتحال میں دفاعی اور جارحانہ، دونوں حکمت عملیوں میں معاونت حاصل ہوگی۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مدت کا انحصار صوبے کی صورتحال پر ہوگا، مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون یونٹس کے ذریعے حساس مقامات، ٹریفک اور جرائم کی 24 گھنٹے فضائی نگرانی میں مدد ملے گی۔ پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں بھی سیف سٹی منصوبے کے ساتھ ڈرون نگرانی کا نظام فعال ہوگا۔

پولیس حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔ سیف سٹی ڈرون نظام کے ذریعے صوبے میں کہیں بھی فضائی نگرانی اور آپریشنز کو کنٹرول روم سے براہ راست دیکھا جا سکے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp